رسائی کے لنکس

ہالی وُوڈ کی فلموں کے بعد پوسٹرز کی بھی نقّالی


بالی ووڈ میں ہالی ووڈ کی فلموں کی نقل تو ہوا ہی کرتی تھی۔ اب انگریزی فلموں کے پوسٹرز بھی ہو بہو نقل ہونے لگے ہیں۔ وہ بھی اس مہارت سے کہ دیکھنے والا حیران رہ جائے کہ اصلی کونسا ہے اور نقلی کونسا۔

بالی وُوڈ پر ’بلیک اینڈ وائٹ‘ دور سے ہی یہ الزام لگتا آیا ہے کہ اس کی فلمیں سب نہیں تو اکثر ہالی وُوڈ کی فلموں سے ’متاثر‘ ہو کر بنائی جاتی ہیں۔ لیکن آپ کو یہ جان کر شاید حیرت ہو کہ نہ صرف فلمیں بلکہ بالی وُوڈ کی فلموں کے پوسٹرز بھی ہالی وُوڈ کی مشہور ِ زمانہ فلموں کے پوسٹرز سے’ہو بہو‘ ملتے جلتے ہیں جن کے بارے میں کچھ ناقدین کہتے ہیں کہ یہ ’نقل بمطابق اصل‘ ہیں۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’ہالی وُوڈ رپورٹر‘ نے ایسی فلموں کی لسٹ بنائی ہے جن کے پوسٹرز میں صرف ’دیسی‘ اور ’بدیسی‘ فنکاروں کا ہی فرق ہے۔

ایک ولن ۔۔اور۔۔ اسٹیپ اپ
ینگ جنریشن کے دلوں کی دھڑکن سدھارتھ ملہوترہ اور اداکارہ شردھا کپور کی آنے والی رومینٹک تھرلر ’ایک ولن‘ کے پوسٹر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ تو پہلے بھی کہیں دیکھا ہے۔ جی ہاں، این فلیچر اور چینگ ٹوٹم کی سن 2006ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’اسٹیپ اپ‘ کے پوسٹرز میں کوئی فرق نہیں۔

انجانا انجانی اور این ایجوکیشن
نیویارک اور سان فرانسسکو میں پکچرائز کی گئی سدھارتھ آنند کی ڈائریکٹ کردہ فلم ’انجانا انجانی‘ میں رنبیر کپور اور ایکٹر کم سنگر پریانکا چوپڑہ نے مرکزی رول ادا کئے ہیں۔ اس فلم کے پوسٹرز اورنک ہارن بی کی’این ایجوکیشن‘ کے پوسٹرز ’اتفاق‘ سے بہت ’ملتے جلتے‘ ہیں۔ یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ جس وقت امریکا میں ’انجانا انجانی‘ کی شوٹنگ ہو رہی تھی تو ’این ایجوکیشن‘ سینما گھروں میں زیر ِنمائش تھی۔

مرڈر2 اور اینٹی کرائسٹ
ہالی وُوڈ ہارمووی ’اینٹی کرائسٹ‘ کے بارے میں سب کا یہی خیال تھا کہ فلم کے غیرمعمولی بولڈ ہونے کی وجہ سے اس کی کاپی نہ ہوسکے لیکن موہت سوری نے یہ بھی غلط ثابت کر دکھایا۔موہت نے اپنی فلم ’مرڈر2‘ کی تشہیر کے لئے جو پوسٹرز ڈیزائن کئے ان کے بیک گراؤنڈ میں وہی درخت استعمال ہوئے جو ’اینٹی کرائسٹ‘ کے پوسٹرز میں استعمال کئے گئے تھے۔ شاید یہ پوسٹرز کا ہی کمال تھا جو باکس آفس پر فلم کامیاب رہی۔

’مرڈر3‘۔۔ اور۔۔ جینیفرز باڈی
مرڈر3کے میکرز نے بھی نقل تو کی لیکن اس کا کریڈٹ اوریجنل فلم کو دینا شاید بھول گئے۔ ہالی وڈ کی فلم ’جینفرز باڈی‘ کے پوسٹر میں دکھائی دینے والے ہونٹ ’مرڈر 3‘کے پوسٹرپر بھی دکھائی دئیے۔

پھونک ٹو اور دی چیزر
بالی وُوڈ میں کاپی صرف ہالی وڈ سے ہی نہیں، دوسری فلم انڈسٹری سے بھی کی جاتی ہے اور اس کا ثبوت ہے ’پھونک 2‘ کا پوسٹر جو کورین فلم ’دی چیزر‘ کی نقل ہے۔

کری ایچر3 ڈی اور جیپرز کریپرز
بالی وُوڈ کی آنے والی فلم’ کریچر 3 ڈی‘ جس کی کاسٹ میں بپاشو باسو اور پاکستانی ایکٹر عمران عباس نقوی شامل ہیں، اس کا پوسٹر وکٹوریا سیل واز کی فلم جیپرز کریپرز کے پوسٹر کو دیکھ کر بنایا گیا ہے۔

کچھ اور نامور فلموں کے پوسٹرز
مذکورہ فلموں کے علاوہ بھی جن فلموں کے پوسٹرز کو کاپی کیا گیا ان میں ملکہ شیراوت کی فلم ’ہس‘ اور ہالی وُوڈ فلم ’کنگ آرتھر‘ کے نام شامل ہیں جبکہ ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘، ’لارڈز آف ڈاگ ٹاؤن‘، بالی وُوڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی میگا بجٹ فلم ’را ون‘ ’سپر ہیروبیٹ مین‘، ’ٹائی ٹینک‘، ’موسم‘ اور ’راؤڈی راٹھور‘ کے پوسٹرز ’دی ریپلیس منٹ کلرز‘ کی نقل تھے۔
XS
SM
MD
LG