پاکستان کے بائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے فاسٹ بالر وہاب ریاض قائد اعظم ٹرافی سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق وہاب ریاض نے تصدیق کی ہے کہ وہ قائد اعظم ٹرافی سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
وہاب ریاض نے ریڈ بال کرکٹ یعنی ٹیسٹ کرکٹ اور غیر محدود اوورز کا کھیل غیر معینہ مدت تک نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ اپنی گزشتہ دو سال کی ریڈ بال اور محدود اوورز کی کرکٹ میں کارکردگی کا جائزہ لیا جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے وقت نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دوں گا۔
پاکستان کے 34 سالہ فاسٹ بالر کے بقول میں اپنی فٹنس کو بھی بہتر سے بہتر بنانا چاہتا ہوں تاکہ طویل عرصے تک کرکٹ کھیل سکوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مجھے ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ کیریئر آگے بڑھانے پر رضامند کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن میں نے بورڈ حکام سے ملاقات کی اور اپنا موقف پیش کیا۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا موقف سنا اور میری سپورٹ کی۔