رسائی کے لنکس

پیرس: فوجیوں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش، ملزم گرفتار


ذرائع نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا ہے کہ مشتبہ شخص کو پیرس کے شمال میں حراست میں لیا گیا، جو اُسی کار میں سوار تھا جو حملے میں ملوث تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جو عینی شاہدین کے مطابق فوجی بیرک کے باہر کافی دیر سے اہلکاروں کا انتظار کر رہا تھا

فرانسیسی پولیس نے پیرس کے مضافات میں بدھ کے روز فوجیوں کے ایک گروپ پر موٹر گاڑی چڑھانے کی واردات میں ملوث شخص پر گولی چلادی اور اُسے گرفتار کر لیا، جِس واقعے میں چھ فوجی زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ دانستہ طور پر کیا گیا۔

ذرائع نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا ہے کہ مشتبہ شخص کو پیرس کے شمال میں حراست میں لیا گیا، جو اُسی کار میں سوار تھا جو حملے میں ملوث تھی۔

ذرائع نے کہا ہے کہ جس فرد کو گرفتار کیا گیا وہ ہی حملے میں ملوث تھا۔

اِس قانونی ذریعے نے بتایا کہ ’’وہ گاڑی چلا رہا تھا جس کی ہمیں تلاش تھی، اور جس نے بھاگنے کی کوشش کی‘‘، جس کے باعث پولیس کو مشتبہ فرد پر گولی چلانی پڑی۔

اس سے قبل فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک نواحی علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے چھ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ بدھ کو پیرس کے شمال مغربی حصے میں پیش آیا تھا جہاں ایک بی ایم ڈبلیو میں سوار شخص فوجیوں کو ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جو عینی شاہدین کے مطابق فوجی بیرک کے باہر کافی دیر سے اہلکاروں کا انتظار کررہا تھا۔

عینی شاہدین نے پولیس اہلکاروں کو بتایا ہے کہ بی ایم ڈبلیو میں سوار ڈرائیور نے فوجیوں کی رہائشی بیرک سے نکلنے والے ان اہلکاروں پر اپنی گاڑی چڑھادی جو اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے گاڑی میں سوار ہورہے تھے۔

واقعے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس حکام علاقے میں نصب کیمروں کی مدد سے ملزم کو شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حملے کا نشانہ بننے والے چار فوجی اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جب کہ دو زیادہ زخمی اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔

زخمی اہلکاروں کا تعلق 'آپریشن سنٹینل' میں شریک فرانسیسی فوج کی 35 ویں انفنٹری رجمنٹ سے ہے۔

مذکورہ آپریشن 2015ء میں فرانس میں مسلمان شدت پسندوں کے کئی بڑے حملوں کے بعد شروع کیا گیا تھا جس میں شامل فوجی اہلکار فرانس کے معروف مقامات اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG