رسائی کے لنکس

امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ متوقع


یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا فیصلہ اس معاہدے کی راہ ہموار کرنے میں ایک محرک ثابت ہوا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ جرمنی کی چانسلر آنگلہ مرخیل نے مسٹرٹرمپ کو اس معاہدے کے لیے آمادہ کیا۔

امریکہ یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ کر سکتا ہے۔ روزنامہ ٹائمز نے اپنی ہفتے کی اشاعت میں لکھا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی بلاک کے ساتھ تجارتی معاہدے پر اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔اخبار نےذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں فریق معاہدہ کرنے پر تیار ہیں۔

یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا فیصلہ اس معاہدے کی راہ ہموار کرنے میں ایک محرک ثابت ہوا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ جرمنی کی چانسلر آنگلہ مرخیل نے مسٹرٹرمپ کو اس معاہدے کے لیے آمادہ کیا۔

برطانیہ 2019 میں یورپی یونین سے الگ ہونے تک یورپی بلاک سے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرسکتا۔

ٹائمز نے وہائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ سامان اور خدمات کےآزادنہ لین دین کا معاہدہ ، برطانیہ کے ساتھ اس کی یورپی یونین سے علیحدگی کےبعد ایسے کسی معاہدے کے مقابلے میں امریکہ کے لیے زیادہ اہم ہے۔

اخبار نے جرمنی کے ایک سینیئر سیاست دان کے حوالے سے کہا کہ ٹرمپ نے دس بار مرخیل سے کہا کہ وہ جرمنی کےساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن انہوں نے ہر بار یہ جواب دیا کہ آپ جرمنی کے ساتھ نہیں صرف یورپی یونین کے ساتھ ہی معاہدہ کر سکتے ہیں۔ گیارہ بار انکار سننے کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ ٹھیک ہے کہ ہم یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کریں گے۔

یورپی یونین کے ساتھ امریکہ کا جلد تجارتی معاہدہ برطانیہ کی وزیر اعظم ٹریسا مے کے لیے ایک دھچکا ہو سکتا ہے جنہیں جنوری میں صدر ٹرمپ سے پہلے غیر ملکی راہنما کی حیثیت میں ملاقات کے بعد توقع تھی کہ ان کا ملک امریکہ کے ساتھ گہرے تجارتی روابط قائم کرسکے گا۔

XS
SM
MD
LG