رسائی کے لنکس

امریکی خصوصی ایلچی کی سرتاج عزیز سے ملاقات


وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ کے خصوصی ایلچی اور سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا گیا۔

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی ڈین فیلڈمین نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد منگل کو وزارت خارجہ میں وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔

پاکستان میں دو روزہ قیام کے دوران امریکی ایلچی ملک کے اعلیٰ سیاسی اور عسکری عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ کے خصوصی ایلچی اور سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا گیا۔

توقع ہے کہ امریکی مندوب پاکستان میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملیں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی مندوب اسلام آباد کے دو روزہ دورے کے اختتام پر 30 اکتوبر کو چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچیں گے جہاں اُنھیں ایک امریکی وفد کے ہمراہ ’ہارٹ آف ایشیا‘ نامی کانفرنس میں شرکت کرنی ہے۔

ڈین فیلڈ مین چینی عہدیداروں سے افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی نومبر میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔ فوج کے ایک بیان کے مطابق اس دورے کے دوران جنرل راحیل شریف اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

دریں اثناء برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کمیرون نے ٹیلی فون پر پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ کیا اور انھیں نومبر کے آخری ہفتے میں لندن میں افغانستان سے متعلق ہونے والے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

اس کانفرنس کی قیادت مشترکہ طور پر ڈیوڈ کیمرون اور افغان صدر اشرف غنی کریں گے۔

XS
SM
MD
LG