افغانستان میں امریکہ کا ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے جس کے بعد رواں سال افغانستان میں اب تک مرنے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
افغانستان کے لیے نیٹو مشن کی جانب سے ہفتے کو جاری ایک بیان کے مطابق اتحاد میں شامل ایک امریکی فوجی مارا گیا ہے لیکن اس کی شناخت اور ہلاکت کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی افغانستان میں مختلف حملوں میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے جن کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔
گزشتہ سال امریکی فوجیوں کی افغانستان میں ہلاکتوں کی تعداد 12 رہی تھی افغان جنگ کے آغاز سے اب تک 2300 امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکی فوجی کی حالیہ ہلاکت ایسے وقت ہوئی ہے جب امریکی حکومت افغانستان میں قیام امن اور اپنی فوج کے انخلا کے لیے طالبان سے مذاکرات میں مصروف ہے۔ لیکن طالبان کسی معاہدے سے قبل نیٹو افواج کے انخلا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اس وقت افغانستان میں اتحادی فوجیوں کی تعداد 20 ہزار ہے جن میں 14 ہزار امریکی فوجی شامل ہیں۔ غیر ملکی فوجیوں کی بڑی تعداد افغانستان میں قیام امن کے لیے افغان فوج کی معاونت اور تربیت کے علاوہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے فرائض بھی سرانجام دے رہی ہے۔