رسائی کے لنکس

مشرقی امریکہ میں 67سالوں میں آنے والا طاقتور ترین زلزلہ


لوگوں نے زلزلے کے خوف سے عمارتیں خالی کردیں
لوگوں نے زلزلے کے خوف سے عمارتیں خالی کردیں

امریکی جیولوجیکل سروے کے حکام نے بتایا ہے کہ منگل کو ملک کے مشرقی حصے میں آنے والا 5.8شدت کا زلزلہ1944ء کے بعد شدید ترین زلزلہ تھا۔

زلزلے کا مرکز مشرقی ریاست ورجینیا میں واقع ایک چھوٹے قصبے منرل میں تھا لیکن اس کے جھٹکے اوٹاوا اور کینیڈا تک محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے خوف سے لوگ گھروں اور دفاتر کی عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے مرکز سے تقریباً 144کلومیٹر دور واشنگٹن میں سیاحتی مقامات اور یادگاریں بند ہیں اور معائنہ کار ان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق نیشنل مال پر واقع 170میٹر بلند یادگار واشنگٹن کے اوپری حصے میں دراڑیں آنے کے بعد اسے بند کردیا گیا۔ واشنگٹن کیتھڈرل کے چار میں تین میناروں کونقصان پہنچنے کے باعث اسے بھی بند کردیا گیا۔

سرکاری عمارتوں بشمول پینٹا گون سے حکام اور دیگر ملازمین نے بھی دفاتر خالی کردیے تھے۔ وائس آف امریکہ کے صدر دفتر سے ملازمین کے انخلا کے بعد معمول کی نشریات کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

ورجینیا کے دیہی علاقے میں زلزلے کے مرکز کے قریب نارتھ اینا جوہری پاور اسٹیشن کی سرگرمیاں بھی تعطل کا شکار ہوئی تھیں ۔حکام کا کہنا ہے کہ آبادی کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں کیونکہ یہ پلانٹ 6.2تک کی شدت کا زلزلہ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

زلزلے سے کسی شدید نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی لیکن حکام نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بعد از زلزلہ جھٹکے آسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG