امریکہ کے شہر نیو یارک میں وال اسٹریٹ مخالف سینکڑوں مظاہرین کو ہفتہ کی شب بروکلن برِج عبور کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔
’آکوپائے وال اسٹریٹ‘ تحریک سے منسلک مظاہرین کے احتجاج کی وجہ سے اس مرکزی پل کو عارضی طور پر بند بھی کرنا پڑا۔ مظاہرین کے بقول ان کا احتجاج کاروباری شعبے میں حرص، معاشرے میں عدم مساوات اور دوسرے مسائل کے خلاف ہے۔
نیو یارک پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں اس وقت کی گئیں جب مظاہرین پل پر پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص گزر گاہ سے سڑک پر آ گئے اور گاڑیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالی۔
بروکلن برج کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
’آکوپائے وال اسٹریٹ‘ کی ویب سائٹ پر اس احتجاج کو بغیر رہنما کی تحریک کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اس تحریک میں شامل افراد نے گزشتہ دو ہفتوں سے نیو یارک شہر کے اقتصادی مرکز کے قریب ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
دریں اثنا بوسٹن میں بھی ایسے ہی ایک احتجاج ’ٹیک بیک بوسٹن‘ کے دوران شہر میں بینک آف امریکہ کے دفاتر کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 20 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔