رسائی کے لنکس

وال سٹریٹ کو فعال کرنے کے اقدامات


وال سٹریٹ کو فعال کرنے کے اقدامات
وال سٹریٹ کو فعال کرنے کے اقدامات

نیویارک میں واقع وال سٹریٹ، امریکہ کا سب سے بڑا مالیاتی مرکز ہے جو کساد بازاری سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔اب اس کی رونقیں بحال کرنے کے لیے سرکاری اور پرائیویٹ شعبے مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔امریکہ کو کسی اور بڑے مالیاتی بحران سے بچانے کے لیئےصدر اوباما نے جمعرات کو مالیاتی انڈسٹری کی سرکردہ کاروباری شخصیات سے حکومتی کاروباری اصلاحات نافذ کرنے کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔

نیویارک کے کوپر یونین کالج سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے وال سٹریٹ کی کامیاب اور سرکردہ کاروباری شخصیات کی جانب سے حکومتی مالیاتی اصلاحات کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بہت ضروری ہے ہم اس بحران سے سبق سیکھیں تاکہ دوبارہ اسکا ارتکاب نہ کریں۔

صدر اوباما کے مطابق مالیاتی بحران وال سٹریٹ سے واشنگٹن تک فرض کی ادائیگی میں ناکامی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مالیاتی اصلاحات کی مد میں اس کی قانون سازی کے عمل میں دیر کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے ان گروپوں کا بھی حوالہ دیا جو سینیٹ سے اس بل کی منظوری نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان میں سے کچھ عناصر آپ کے لیے بھی کام کرتے ہوں گے۔ وہ وہی کر رہے ہیں جس کے لیے انہیں پیسے دیئے جا رہے ہیں۔ لیکن میں آج یہاں، کاروباری شخصیات سے کہنا چاہتا ہوں آپ اس کوشش میں ہم سے لڑنے کی بجائے ہمارا ساتھ دیں۔
توقع ہے کہ سینیٹ میں ڈیموکریٹس جلد ہی اس بل کے لیے ووٹنگ کریں گےجس کی وجہ سے کسی حد تک صارفین کو مالیاتی اشیاء پر تحفظ فراہم کیا جا سکے گا۔

ایوان ِ نمائندگان نے اپنا بل گذشتہ سال منظور کیا تھا جبکہ کسی بھی حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے ان دونوں کا متفق ہونا ضروری ہے۔ مائیکل ولیمز نیویارک کے ٹورو کالج کے گریجویٹ سکول آف بزنس کے ڈین ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اس بل میں چند ایسی شقیں ہیں جن سے وال سٹریٹ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ بلکہ اس سے سرمایہ داروں یا چھوٹے کاروبار کرنے والوں سے زیادہ سیاسی طور پرفائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
حزب ِ اختلاف کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ری پبلکنز ، جنہوں نے آغاز میں صدارتی مالیاتی اصلاحات کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ، انکا لہجہ اب اس حوالے سے تھوڑا تبدیل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ ڈین ولیمز کہتے ہیں کہ ری پبلکنز محض بیٹھ کر یہ سب ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔ انہیں اس میں حصہ لینا ہوگا۔ وال سٹریٹ سے مین سٹریٹ آنا ہوگا یہ مین سٹریٹ ایشو ہے۔
صدر اوباما نے ری پبلکنز کے بیانات اور دیگر ناقدین کی جانب سے اصلاحات پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے امریکہ کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے حکومتی امدادی پیکج کے نفاذ کے ضمن میں حکومتی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

XS
SM
MD
LG