امریکی استغاثہ نے ٹیمپل یونیورسٹی کے شعبہٴفزکس کے چیئرمین، ژی ژوکژنگ کے خلاف حساس سائنسی معلومات چین کو فراہم کرنے کی سازش کے الزام میںٕ فرد جرم عائد کردی ہے۔
چینی نژاد امریکی پروفیسر ژی ژوکژنگ کو برقی دھوکہ دہی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سینتالیس سالہ ملزم امریکہ میں ایجاد کئے گئے الیکڑونک ٹیکنالوجی کی منتقلی کے بدلے میں چین میں اعلیٰ مقام حاصل کرنا چاہتا تھا۔
ژی 2002ء میں ایک ایسے امریکی فرم میں کام کر رہے تھے کہ جس نے ’میگنزیم ڈائبورائیڈ‘ پر مشتمل ایک ’باریک فلم سپر کنڈکٹنگ ڈیوائس‘ تیار کی تھی۔
امریکی محکمہٴدفاع نے 2004ء میں اس ڈیوائس کی خریداری اور اس پر تحقیق کے لئے پروفیسر ژی کو خطیر رقم جاری کی تھی۔ لیکن انھوں نے مبینہ طور پر اسے حکومت چین سمیت وہاں موجود ایک تیسری پارٹی کے لئے استعمال کیا۔
اس مقدمے میں ملزم پروفیسر کو 80 برس قید اور 10 لاکھ ڈالر جرمانے کی سزاء ہو سکتی ہے۔
قبل ازیں، اسی ہفتے امریکی محکمہٴانصاف چھ چینی باشندوں پر اقتصادی راز چرانے اور امریکی ٹیکنالوجی چینی حکومت کو فراہم کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر چکا ہے۔