رسائی کے لنکس

امریکہ: ایبولا کے پہلے مریض کی حالت نازک


امریکی ریاست ٹیکساس کا وہ اسپتال جہاں ایبولا کا مریض زیرِعلاج ہے
امریکی ریاست ٹیکساس کا وہ اسپتال جہاں ایبولا کا مریض زیرِعلاج ہے

ڈیلس شہر کے اسپتال نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مریض کی حالت بگڑ گئی ہے اور اس کی جان بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں سامنے آنے والے ایبولا وائرس کے پہلے متاثرہ شخص کی حالت نازک ہوگئی ہے جب کہ ڈاکٹر اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق تھامس ایرک ڈنکن نامی متاثرہ شخص ٹیکساس کے شہر ڈیلس کے 'ٹیکساس ہیلتھ پریسبیٹیرین اسپتال' میں داخل ہے۔

اسپتال کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مریض کی حالت بگڑ گئی ہے اور اس کی جان بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

اس سے پہلے اسپتال ذرائع نے مریض کی حالت بگڑنے کی اطلاع دی تھی جسے مرض کی علامات ظاہر ہونے کے بعد منگل کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مریض لائبیریا سے 20 ستمبر کو امریکہ کے شہر ڈیلس پہنچا تھا جہاں چند روز بعد اس میں مرض کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں۔

خیال رہے کہ ایبولا سے متاثرہ مغربی افریقی ملکوں میں کام کرنے والے امریکی طبی اہلکاروں میں سے بعض اس سے پہلے بھی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جنہیں علاج کے لیے امریکہ لایا گیا تھا لیکن امریکی سرزمین پر سامنے آنے والا وائرس کا یہ پہلا کیس ہے۔

دریں اثنا امریکی حکام نے کہا ہےکہ امریکی سرزمین پر ایبولا کے پہلے کیس کے سامنے آنے کے بعد متاثرہ فرد سے رابطے میں آنے والے لگ بھگ 100 افراد کا طبی معائنہ کیا گیا ہے لیکن کسی میں بھی مرض کی علامات نہیں ملیں۔

امریکی ادارے 'سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول' کے سربراہ ڈاکٹر تھامس فرائیڈن نے ہفتے کو صحافیوں کو بتایا کہ ایرک ڈنکن کے ساتھ مستقل رابطے میں رہنے والے نو افراد کا تعین کرلیا گیا ہے جب کہ اس سے رابطے میں آنے کے شبہہ میں دیگر 40 افراد کا طبی معائنہ بھی کیا گیا تھا۔

طبی حکام کا کہنا ہے کہ ڈیلس میں ڈنکن سے رابطے میں آنے والے کم از کم 10 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن میں سے چار اس کے اہلِ خانہ ہیں۔

ڈاکٹر تھامس کے مطابق ان میں سے کسی بھی فرد میں تاحال مرض کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایبولا کی ابتدائی علامات فلو سے ملتی جلتی ہیں جس کے شدید ہونے پر متاثرہ شخص کی آنکھوں، مسوڑھوں اور اندرونی اعضا سے خون کا اخراج شروع ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوجاتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ایبولا مریض کے خون یا فضلے سے پھیلتا ہے اور وائرس سے متاثرہ شخص میں اس کی علامات ظاہر ہونے کی مدت دو سے 21 دن ہے۔

ایک مریض سے دوسرے میں منتقل ہونے کے انتہائی امکان کے باعث یہ وائرس اب تک مغربی افریقہ میں 3439 افراد کی جان لے چکا ہے جب کہ اب تک 7492 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG