رسائی کے لنکس

میزائل حملہ ہوا تو مکمل جنگ ہوگی، امریکی وزیرِ دفاع


فائل
فائل

پیر کی شب پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جِم میٹس نے کہا کہ اگر شمالی کوریا نے ایسی کوئی حرکت کی تو "کھیل شروع ہوجائے گا۔"

امریکہ کے وزیرِ دفاع جم میٹِس نے خبردارکیا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے امریکی سرزمین پر میزائل حملے کی کوشش کی تو صورتِ حال جلد ہی مکمل جنگ کی صورت اختیار کرلے گی۔

پیر کی شب پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جِم میٹس نے کہا کہ اگر شمالی کوریا نے ایسی کوئی حرکت کی تو "کھیل شروع ہوجائے گا۔"

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی اس وقت تک کسی کو نشانہ نہیں بناتا جب تک وہ خود اس کے نتائج بھگتنے کے لیے تیار نہ ہو۔

امریکی وزیرِ دفاع نے بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام پر میزائل حملے کی دھمکی کے متعلق کہا کہ اگر شمالی کوریا نے اپنی دھمکی پر عمل کیا تو امریکہ اس قابل ہے کہ وہ چند لمحوں کے اندر یہ جان سکے کہ میزائل کی منزل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پتا چلا کہ واقعی کوئی میزائل گوام کی جانب بڑھ رہا ہے تو ہم اسے تباہ کردیں گے۔

امریکی وزیرِ دفاع اس سے قبل بھی شمالی کوریا کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے رہے ہیں لیکن ساتھ ہی ان کا یہ بھی موقف رہا ہے کہ امریکہ پیانگ یانگ کے ساتھ اپنے اختلافات سفارتی ذریعے سے حل کرنے کا خواہش مند ہے۔

دریں اثنا شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج کی جانب سے گوام پر حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق رپورٹ ملک کے سربراہ کم جونگ ان کو موصول ہوگئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم جونگ ان نے کہا ہے کہ وہ رپورٹ پر کوئی فوری فیصلہ کرنے سے قبل امریکہ کے اقدامات پر نظر رکھیں گے اور اس کی روشنی میں کوئی قدم اٹھائیں گے۔

خبر کے مطابق کم جونگ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی بھی کارروائی کےلیے تیار رہے۔

XS
SM
MD
LG