رسائی کے لنکس

امریکہ میں ہلاکتیں 10 ہزار سے متجاوز، نیویارک کے اسکولوں کی بندش میں توسیع


امریکہ دنیا کا تیسرا ملک ہے جہاں کرونا وائرس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ (فائل فوٹو)
امریکہ دنیا کا تیسرا ملک ہے جہاں کرونا وائرس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ (فائل فوٹو)

امریکہ میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب تک اس وبا سے 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک میں اسکولوں کی بندش میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔

امریکہ دنیا کا تیسرا ملک ہے جہاں کرونا وائرس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوئی ہے۔

کرونا وائرس سے اموات کی شرح پر نظر رکھنے والے ادارے جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں سب سے زیادہ 16 ہزار 523، اسپین میں 13 ہزار 341 اور امریکہ میں اب تک 10 ہزار 986 افراد اس وائرس کا شکار ہونے کے بعد چل بسے ہیں۔

امریکی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں کے اعتبار سے یہ سنگین ہفتہ ہے جو اب تک اپنے عروج کو نہیں پہنچا ہے۔ اس لیے شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

امریکہ میں اب تک 19 لاکھ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں سے ساڑھے تین لاکھ میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔​

نیویارک کے گورنر نے اینڈریو کومو نے پیر کو ریاست کے تمام اسکول اور غیر ضروری کاروبار مزید تین ہفتوں کے لیے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

یاد رہے کہ نیویارک کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ اور 4750 اموات ہو چکی ہیں۔

نیویارک کے گورنر نے اعتراف کیا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں نرمی کرنا بڑی غلطی تھی۔ تاہم اب سماجی دوری پر عمل پیرا ہونے سے شرح اموات کا گراف بدستور نیچے آ رہا ہے۔

گورنر اینڈریو نے کہا کہ نیویارک میں اموات کی شرح میں معمولی کمی آئی ہے جس کی بنیادی وجہ سماجی دوری پر عمل درآمد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سماجی دوری کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کارآمد ہے اس لیے اب سستی دکھانے کا وقت نہیں ہے۔

امریکی حکام نے خبردار کیا تھا کہ سماجی دوری پر عمل آمد کرنے کے باوجود صرف امریکہ میں کرونا وائرس سے ایک سے دو لاکھ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

امریکہ کی نو ریاستوں میں اب تک مکمل لاک ڈاؤن کے احکامات جاری نہیں کیے گئے ہیں۔ ان تمام ریاستوں کے گورنرز کا تعلق ری پبلکن جماعت سے ہے جب کہ صحت کے ماہرین نے لاک ڈاؤن نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG