رسائی کے لنکس

امریکی بحری بیڑے کے برطرف کپتان میں کرونا وائرس کی تشخیص


روز ویلٹ (فائل فوٹو)
روز ویلٹ (فائل فوٹو)

امریکہ کے محکمۂ دفاع (پینٹاگون) کو بحری بیڑے 'روز ویلٹ' پر موجود اہلکاروں کو کرونا وائرس سے لاحق خطرات سے متعلق خبردار کرنے پر برطرف کیے جانے والے کپتان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔

کپتان بریٹ کروزیئر نے محکمۂ دفاع کو لکھے گئے خط میں تشویش کا اظہار کیا تھا کہ کرونا وائرس سے بیڑے پر موجود اہلکاروں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔ اس لیے فوری طور پر مدد کی جائے۔

فرانسیسی خبر رسال ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق امریکی اخبار 'نیو یارک ٹائمز' میں کپتان بریٹ کروزیئر کی کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت آنے کی رپورٹ چھاپی گئی ہے۔

کپتان میں کرونا وائرس کی تشخیص سے متعلق رپورٹ ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب وزیر دفاع مارک ایسپر نے کروزیئر کی برطرفی کا دفاع کیا تھا۔

انہوں نے امریکی ٹی وی 'اے بی سی' سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی بحریہ کے سیکریٹری تھامس موڈلی کے لیے روز ویلٹ کے کپتان بریٹ کو برطرف کرنا مشکل فیصلہ تھا۔ جو کہ امریکی علاقے گوام میں موجود ہے۔

مارک ایسپر سے سوال پوچھا گیا کہ کیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ کپتان بریٹ کو لکھے گئے خط کی پاداش میں برطرف کیا جائے؟ جس کے جواب میں ایسپر کا کہنا تھا کہ یہ سیکریٹری تھامس کا فیصلہ تھا اور میں نے انہیں کہا تھا کہ میں اس فیصلے کی تائید کروں گا۔

خیال رہے کہ بحری بیڑے کے کپتان بریٹ کروزیئر نے چار صفحات پر مشتمل ایک خط میں پینٹاگون کو آگاہ کیا تھا کہ بیڑے پر کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس مہلک وائرس سے چار ہزار اہلکاروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

خط کے متن کے مطابق کپتان بریڈ کروزیئر نے کہا تھا کہ ہم حالتِ جنگ میں نہیں ہیں اور یہ وہ حالات نہیں جن میں اہلکار اپنی جانیں دیں۔

تھامس موڈلی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال میں کپتان بریٹ نے انتہائی ناقص فیصلہ کیا۔ جس کی وجہ سے بحری بیڑے میں سوار اہلکاروں کے خاندان فکر مند ہو گئے تھے۔

امریکی صدر ٹرمپ کا ہفتے کے روز پریس کانفرنس کپتان بریٹ کی برطرفی کی حمائت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کپتان کو اپنے خط میں ایسے نہیں لکھنا چاہیے تھا۔ (فائل فوٹو)
امریکی صدر ٹرمپ کا ہفتے کے روز پریس کانفرنس کپتان بریٹ کی برطرفی کی حمائت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کپتان کو اپنے خط میں ایسے نہیں لکھنا چاہیے تھا۔ (فائل فوٹو)

امریکی صدر ٹرمپ کا ہفتے کو پریس کانفرنس کے دوران کپتان بریٹ کی برطرفی کی حمایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کپتان کو اپنے خط میں ایسا نہیں لکھنا چاہیے تھا۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے مضبوط ترین صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے اتوار کو کپتان کی برطرفی کی مذمت کی اور امریکی چینل ‘اے بی سی’ سے گفتگو میں کہا کہ یہ اقدام جرم سے قریب تر ہے۔

بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ کپتان بریٹ کے لکھے گئے خط کی تعریف کی جانی چاہیے تھی۔ نا کہ انہیں برطرف کر دیا جاتا۔

XS
SM
MD
LG