رسائی کے لنکس

خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے 'یو ایس ایڈ' کے منصوبے


امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یعنی 'یو ایس ایڈ' کے تعاون سے دی جانے والی کاروباری تربیت کے طفیل جمیلہ کڑھائی کرنے والی کئی خواتین کو منظم کرکے اپنا کاروبار چلا رہی ہیں جو روزافزوں ترقی کر رہا ہے۔

واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود پاکستان بیرونِ ملک جاری ترقیاتی منصوبوں کی مد میں دی جانے والی امریکی امداد کا ایک بڑا وصول کنندہ ہے۔

امریکی حکومت کی جانب سے پاکستانی خواتین کی آمدنی بڑھانے کے مختلف منصوبوں میں بھی اسلام آباد کی مدد کی جارہی ہے۔ ایسا ہی ایک منصوبے کا مقصد کپڑوں پر کڑھائی کرنے والی ہزاروں پاکستانی خواتین کو اپنی مصنوعات کی مناسب تشہیر اور اپنے کاروبار کو منظم کرنے کی تربیت دینا ہے۔

جمیلہ بھی اس منصوبے سے فیض یاب ہونے والی ایک کامیاب خاتون ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی جمیلہ گھر کا خرچ پورا کرنے میں اپنے شوہر کا ہاتھ بٹانے کے لیے گزشتہ کئی برسوں سے کپڑوں کی سلائی کڑھائی کر رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے اس کام کی کوئی روایتی تعلیم حاصل نہیں کی۔ لیکن اب امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یعنی 'یو ایس ایڈ' کے تعاون سے دی جانے والی کاروباری تربیت کے طفیل جمیلہ کڑھائی کرنے والی کئی خواتین کو منظم کرکے اپنا کاروبار چلا رہی ہیں جو روزافزوں ترقی کر رہا ہے۔

جمیلہ کے بقول، "میری زندگی بدل گئی ہے۔ میری زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک عورت بھی کما سکتی ہے اور خود اپنے اور اپنے بچوں کے لیے کوئی تعمیری کام کرسکتی ہے"۔

جمیلہ کا کہنا ہے کہ 'یو ایس ایڈ' کی جانب سے انہیں ملنے والی رہنمائی انتہائی اہم ثابت ہوئی۔

'یو ایس ایڈ' کے منتظم راجیو شاہ کا کہنا ہے کہ جمیلہ جیسی خواتین کو اپنے پیروں پہ کھڑا کرنا غربت کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پہ جاری ادارے کے منصوبوں کا ایک اہم جزو ہے۔

راجیو شاہ کے بقول، "ترقیاتی منصوبوں میں خواتین کو شریک کرکے آپ ان منصوبوں سے بہتر نتائج اور زیادہ استحکام حاصل کرسکتے ہیں اور اس حکمتِ عملی کے نتیجے میں غذائی قلت اور جہالت کا خاتمہ بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے"۔

جمیلہ کے بقول 'یو ایس ایڈ' کی رہنمائی کی بدولت ان کی ماہانہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور اب 40 دیگر خواتین بھی ان کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

انہیں امید ہے کہ ان کی بدلی ہوئی زندگی دیکھ کر مزید خواتین بھی ہمت پکڑیں گی اور اپنی زندگی بدلنے کے لیے بروئے کار آئیں گی۔

XS
SM
MD
LG