رسائی کے لنکس

امریکی ریاست اوریگون میں جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو


امریکہ کی ریاست اوریگون کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی ہے جس سے پانچ چھوٹے قصبے تباہ جب کہ املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ریاستی حکام نے ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

حکام کے مطابق کیلی فورنیا سے کئی سو میل دور لگی آگ کی وجہ سے اب تک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پچھلے ہفتے تک فائر فائٹرز نے آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا تھا مگر اس ہفتے آگ پہلے سے زیادہ شدت سے بڑھ رہی ہے۔

امریکہ کے مغربی علاقوں میں کئی مقامات پر جنگلات میں لگی آگ تیز ہواؤں کی مدد سے پھیل رہی ہے۔

اوریگون میں 35 مختلف جگہوں پر لگی آگ، 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہواؤں کی وجہ سے میلوں تک پھیل چکی ہے۔ فائر فائٹرز نیویارک شہر سے دوگنے رقبے پر پھیلی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اوریگون کے گورنر کیٹ براؤن نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پانچ سے زائد قصبے اس آگ کی وجہ سے تباہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "یہ ریاست کی تاریخ میں جنگل کی آگ کی وجہ سے سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے کئی ایسے افراد کو بچایا ہے جنہوں نے آگ کے خوف سے دریا میں چھلانگ لگا دی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ دو درجن سے زائد مقامات پر لگی آگ کے شعلوں نے کیلی فورنیا اور اس کی ہمسایہ ریاست اوریگون کے کئی علاقوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

شمالی پورٹ لینڈ کے قریب ایک 12 برس کا بچہ اور اس کی دادی آگ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریاست واشنگٹن میں ایک برس کا بچہ ہلاک ہو گیا جب کہ اس کے والدین آگ سے شدید زخمی ہو گئے۔

ریاست کیلی فورنیا میں 64 ہزار سے زائد افراد کو آگ کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔

XS
SM
MD
LG