رسائی کے لنکس

امریکی ویزا کے لیے ترک 2019ء میں درخواست دے سکیں گے: امریکی اہل کار


امریکی سفارت خانہ، انقرہ
امریکی سفارت خانہ، انقرہ

امریکہ آنے کےخواہشمند ترک شہری ایک بار پھر ویزا کی درخواست دے سکیں گے، لیکن اُنھیں بہت انتظار کرنا ہوگا۔

انقرہ میں امریکی سفارت خانے نے اس ہفتے اعلان کیا ہے کہ اِن درخواستوں پر جلد سے جلد غور کا آغاز بھی جنوری 2019ء سے ہوگا، یعنی ایک سال سے بھی زیادہ عرصے بعد۔

امریکہ نے استنبول میں اپنے قونصل خانے کے ایک ملازم متین توپاز کی دہشت گردی کے الزامات پر گرفتاری کے بعد، آٹھ اکتوبر کو ترکی میں ’نان امیگرینٹ‘ ویزا کا اجرا معطل کر دیا تھا۔ ردعمل کے طور پر، ترکی نے امریکہ میں ویزا کے اجرا کی اپنی خدمات بند کردی تھیں۔

دونوں ملکوں نے نومبر کے اوائل میں محدود پیمانے کے ویزے بحال کیے، اُس وقت جب ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم امریکہ کے دورے پر تھے۔

اس ہفتے ٹوئٹر پر ایک بیان میں، امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ویزا کے لیے ملاقاتیں ’’ابھی تک محدود ہیں‘‘؛ لیکن ایف، جے، ایم اور التجا کی بنیاد پر ’ورک کیٹیگری‘ کے ساتھ ساتھ طبی اور کاروباری نوعیت کے سفر کی درخواستوں کو اولیت دی جاتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اِس ضمن کی ملاقاتیں ’’جنوری 2019ء میں دستیاب ہوں گی جب کہ درخواست دہندگان ترکی سے باہر درخواست دے سکتے ہیں‘‘۔

ایف، جے اور ایم ویزا امریکہ میں تعلیم اور پیشہ وارانہ مطالعے کی مختلف اقسام سے تعلق رکھتے ہیں۔

بدھ کے روز امریکی محکمہٴ خارجہ کے ایک اہل کار نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ویزا سروسز کی معطلی کا مقصد یہ تھا کہ سفارت خانے اور قونصل خانوں کی جانب سفر کو کم سے کم کیا جائے ’’جب تک ہم یہ جائزہ لیں کہ ہماری سفارتی تنصیبات اور اہل کاروں کی سکیورٹی کے حوالے سے حکومت ترکی کا کیا ارادہ ہے‘‘۔

محکمہٴ خارجہ نے ایک سال تک ویزا انٹرویو میں تاخیر کی وجوہ بتانے سے احتراز کیا ہے۔

تاہم، متعدد ترک شہریوں نے استنبول میں ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ویز کے لیے ایک سال سے زیادہ عرصے کا انتظار متعدد ترکوں کے لیے مشکلات کا سبب نے گا۔

XS
SM
MD
LG