رسائی کے لنکس

ترکی میں زلزلے کے جھٹکے، چار افراد ہلاک


زلرلے سے ازمیر میں کئی عمارتوں کو نقصان پہننچا، 30 اکتوبر 2020
زلرلے سے ازمیر میں کئی عمارتوں کو نقصان پہننچا، 30 اکتوبر 2020

ترکی میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ترکی کے ساحل اور یونان کے جزیرے ساموس پر ایک طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس سےمغربی صوبے ازمیر میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔

ترکی کے وزیر صحت فاہرتین کوچا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ صوبہ ازمیر میں چار افراد ہلاک اور 120 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے بعد، صوبہ میں اِس وقت ا38 ایمبولینس گاڑیاں، دو ایمبولینس ہیلی کاپٹر اور 35 میڈیکل ریسکیو ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

یورپ کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کے ابتدائی جھٹکوں کی شدت ریکٹر سکیل پر چھ اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی۔ اس کا مرکز یونان کے جزیرے ساموس سے شمال مشرق کی طرف 13کلو میٹر دور اور ترکی کی ساحل سے 32 کلو میٹر دور تھا۔

امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر سات تھی۔ زلزلہ آنے کے ابتدائی گھنٹوں بلکہ دنوں تک مختلف سینٹروں میں ریکارڈ کی جانے والی شدت میں فرق ہوتا ہے اور یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔

تاہم بڑے جھٹکے کے بعد، علاقے میں کئی مزید جھٹکے بھی محسوس کئے گئے، جنہیں آفٹر شاکس کہا جاتا ہے۔

ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی، اناطولو کا کہنا ہے کہ صوبہ ازمیر میں زخمی ہونے والے تین افراد کو ملبے سے نکالا گیا۔ ازمیر کے میئر نے امریکی نیوز نیٹ ورک سی این این کو بتایا کہ زلزلے میں تقریباً 20 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ازمیر ترکی کا تیسرا بڑا شہر ہے جہاں کی آبادی کوئی 45 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

ازمیر کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ازمیر کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ترکی کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ دیگر چھہ صوبوں میں بھی چند عمارتوں میں چھوٹی چھوٹی دراڑیں آئی ہیں۔

جزیرہ ساموس میں بھی عمارات اور سڑکوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ساموس میں قائم ہسپتال کے ڈائرکٹر کا کہنا ہے کہ چار افراد کو معمولی زخموں کے علاج کیلئے یہاں لایا گیا ہے۔

یونان کے سرکاری ٹیلی وژن کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ساموس میں ایک چھوٹا سونامی آیا، جس سے عمارات کو نقصان پہنچا۔ اس موقع پر بنائی گئی ایک ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ پانی کی طاقتورلہروں سے کشتیاں شہر کی سڑکوں پر آ گئیں۔

میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے برطایہ اور بلغاریہ تک محسوس کئے گئے۔

XS
SM
MD
LG