رسائی کے لنکس

سالٹ لیک سٹی میں 5.7 شدت کا زلزلہ


Salt Lake City
Salt Lake City

امریکی ریاست یوٹاہ میں بدھ کی صبح زلزلے سے سالٹ لیک سٹی لرز اٹھا، ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور دفاتر میں کام رک گیا۔ بہت سے شہری جھٹکوں کی وجہ سے گھبرا کے گھروں سے باہر نکل آئے۔

امریکی محکمہ ارضیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5٫7 تھی اور اس کا مرکز سالٹ لیک سٹی کے جنوب مغرب میں تھا۔ ہنگامی خدمات کے ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلے کے جھٹکے سالٹ لیک سٹی سے 80 میل دور شہر لوگن میں بھی محسوس کیے گئے۔ 1992 کے بعد یہ ریاست یوٹاہ میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔ زلزلے کے کچھ دیر بعد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کی وجہ سے سالٹ لیک سٹی کا ائیرپورٹ عارضی طور پر بند کرنا پڑا اور پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا کیونکہ کنٹرول ٹاور بند کرکے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔ شہر کی بجلی کمپنی نے بتایا کہ زلزلے کے بعد 55 ہزار گھروں کو سپلائی معطل ہوگئی تھی۔

زلزلے کی وجہ سے سرکاری ہیلتھ لیبارٹری میں کام روک دیا گیا اور عمارت کو کسی ممکنہ نقصان کے خدشے پر جانچا گیا۔ کرونا وائرس کے بارے میں قائم کی گئی ہاٹ لائن بھی زلزلے کے بعد بند ہوگئی۔

XS
SM
MD
LG