رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: عسکریت پسندوں کے حملے میں تین پاکستانی فوجی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شمالی وزیرستان کے افغان سرحد سے ملحقہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں تین پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے حملے میں تین پاکستانی سیکیورٹی اہل کاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

کالعدم تحریکِ طالبان نے اس حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب عسکریت پسندوں نے سرحدی علاقے دیواگر میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔

بیان کے مطابق دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

خیال رہے کہ اس حملے سے ایک روز قبل ہی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف اور دیگر اعلٰی سول اور عسکری حکام کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ کیا تھا۔

'ٹی ٹی پی کا نشانہ پاکستان ہے'
please wait

No media source currently available

0:00 0:05:04 0:00

پاکستان کا یہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان کے سرحدی علاقوں سے کالعدم تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد پاکستانی علاقوں میں گھس کر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں، لہذٰا افغانستان میں طالبان حکومت کو انہیں روکنا چاہیے۔

چند روز قبل افغان طالبان نے پاکستان پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ اس کے جیٹ طیاروں نے افغان علاقوں کنڑ اور خوست میں بمباری کی جس میں بچوں اور خواتین سمیت درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یونیسیف نے ان حملوں میں 20 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

البتہ پاکستان کی جانب سے اس حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

تاہم شمالی وزیرستان میں اس تازہ کارروائی کے بعد آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بار پھر افغان حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ نے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات ناقابلِ قبول ہیں اور انہیں روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔



دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ

سرحد پار افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنےکے بعد خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول قبائلی اضلاع میں دہشت گردی اور تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اسلام آباد کے ایک غیر سرکاری ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کے پہلے تین ماہ کے دوران صوبے میں دہشت گردی کے 75 واقعات میں 189 افراد ہلاک اور 250 کے لگ بھگ زخمی ہوئے۔ ادارے کے مطابق گزشتہ برس کے ان تین ماہ کے تناسب کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس برس دہشت گردی کے واقعات میں 173 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG