بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں پیر کو ایک مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کامتاناتھ مندر میں کئی ہزار لوگ نئے چاند کی رات کے سلسلے میں خصوصی مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے مندر میں تھے کہ بجلی کی ’شارٹ سرکٹ‘ کے باعث بڑھکنے والے شعلے کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔
لوگوں کی بڑی تعداد تیزی سے مندر کے دروازوں کی جانب بڑھی جس سے کئی لوگ ہلاک و زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق جب بھگدڑ مچی تو کئی لوگ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران زمین پر بھی لیٹے ہوئے تھے۔
پولیس عہدیداروں نے زخمیوں کی تعداد 60 بتائی ہے۔
بھارت میں مندروں اور مذہبی مقامات پر بظاہر ناقص انتظامات کے باعث بھگدڑ مچنے کے اکثر واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
اکتوبر میں مدھیہ پردیش کے ایک قدیم مندر کی طرف جانے والے پل پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 89 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہو گئے تھے۔