رسائی کے لنکس

سری لنکا: خانہ جنگی کے خاتمے کی پہلی سالگرہ


سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پاکسا
سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پاکسا

سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پاکسا نے ملک میں خانہ جنگی کے خاتمے کی پہلی سالگرہ کی خصوصی پریڈ میں شرکت کی ۔سری لنکا اور تامل ٹائیگرز دونوں کو25 برس تک جاری رہنے والی اس لڑائی کے اختتامی حصے کے دوران جنگی جرائم کے الزامات پر بین الاقوامی تنقید اور مقدمے چلانے کے مطالبے کا سامنا ہے۔

جمعے کےروز کولمبو میں ہونے والی پریڈ میں سری لنکا کے راہنما نے ان الزامات سے انکار کیا کہ سری لنکا کے فوجیوں نے تامل باغیوں کے ساتھ لڑائی کے آخری مہینوں کے دوران شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ مسٹر راجا پاکسا نے کہا کہ فوجی کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ تھا اور یہ کہ کوئی ایک گولی بھی کسی عام شہری پر نہیں چلائی گئی تھی۔

سری لنکا میں حکومت اور تامل باغیوں کے درمیان طویل جنگ گذشتہ برس مئی میں تاملوں کی شکست پر ختم ہوئی تھی۔ جمعے کے روز کی پریڈ پچھلے مہینے ہوناتھی ، لیکن اسے مون سون کی بارشوں کے باعث مؤخر کردیا گیاتھا۔

اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار لین پاسکوئے نے جمعرات کے روز کہا کہ سیکرٹری جنرل بان کی مون سری لنکا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین کا ایک پینل مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جنگ کے آخری دور میں تقریباً سات ہزار عام شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

سری لنکا کاکہنا ہے کہ کسی جنگی جرم کا ارتکاب نہیں ہوا اور اس نے لڑائی کی تحقیقات کے لیے ایک مفاہمتی پینل مقرر کردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG