جنوبی کوریا کے ایک ادارے آرٹیفشل انٹیلی جنس کی مدد سے کتوں کے لیے ایسا کالر بنایا ہے جو ان کے بھونکنے کے انداز سے بتا دیتا ہے کہ کتا کیا محسوس کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'پیٹ پلز' نامی کالر کے ذریعے پالتو جانوروں کے مالکان اسمارٹ فون کی ایک ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے یہ معلوم کر سکیں گے ان کے کتے خوش اور مطمئن ہیں یا فکر مند، غصے میں اور افسردہ ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کتوں کے جسمانی حرکات اور آرام کا بھی ریکارڈ محفوظ کرتا ہے۔
پیٹ پلز لیب کے ڈائیکٹر گلوبل مارکیٹنگ انڈریو گل کا کہنا تھا کہ یہ آلہ کتوں کی ایسی زبان کے مانند ہے جسے انسان سمجھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کالر بنانے کے لیے کمپنی تین سال قبل کام شروع کیا تھا اور مختلف کتوں کے بھونکنے کے انداز کا مشادہ کیا تھا جس سے ان کے احساسات کا اندازہ لگایا جا سکے۔
کمپنی کے 2017 میں شروع کیے گئے کام کے لیے ایک مخصوص الگورتھم بنایا گیا جس میں 50 مختلف نسلوں کے 10 ہزار سے زائد کتوں کی آوازوں کا ڈیٹا بیس بنایا گیا۔
جنوبی کوریا کی مون سی می کے پاس چھ سالہ باردر کولی کتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کو لگتا تھا کہ جب اپنے پالتو کتے کے ساتھ کھیلتی تھیں تو وہ خوش ہوتا تھا اور جب وہ گھر پر نہیں ہوتی تھیں تو وہ افسردہ ہوتا تھا۔ لیکن حقیقت میں اسے اس وقت شدید برا لگتا تھا جب وہ ان سے کھیل کے دوران ہار جاتا تھا جیسے عمومی طور پر انسان محسوس کرتے ہیں۔
سول نیشنل یونیورسٹی نے اس آلے کو ٹیسٹ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق پالتو جانوروں کے لیے بنائے اس کالر سے آوازوں کے ذریعے احساسات کی پہچان 90 فی صد تک درست رہی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد آلہ ہے پالتو کتوں کے احساسات کو جاننے کے لیے پہلی بار ایسا آلہ تخلیق کیا گیا ہے۔
پیٹ پلز نے اس کالر کی آن لائن فروخت کا آغاز گزشتہ سال اکتوبر می کیا گیا تھا اور اس کی قیمت 99 ڈالرز مقرر کی تھی۔
واضح رہے کہ پالتو جانوروں کے خیال رکھنے کے سامان کی عالمی مارکیٹ کا تخمینہ 2020 میں 138 ارب ڈالرز سے زائد لگایا گیا تھا۔ یورو مانیٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس کرونا وائرس سامنے آنے کے بعد لوگوں نے گھروں میں پالتو جانوروں کے ساتھ زیادہ وقت گزارا۔
پیٹ پلز لیب کے ڈائیکٹر گلوبل مارکیٹنگ انڈریو گل کا کہنا ہے کہ اب زیادہ لوگوں نے کتے پالنے شروع کر دیے ہیں۔ لیکن کئی لوگ اپنے کتوں کے احساسات سمجھنے سے قاصر تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹ پلز نے کرونا وائرس کے دوران اہم کردار ادا کیا۔ اس کے ذریعے کتوں کے مالکان نے جانا کہ ان کے پالتو جانور کیا محسوس کر رہے ہیں اور ان کے اپنے جانوروں سے رشتہ مضبوط ہوا۔