امریکی فوج نے پیر کے روز کہا ہے کہ اس نے ہفتے اور اتوار کے روز صومالیہ کے جنوب وسطی صوبے بنادر کے علاقے گندارش پر چھ فضائی حملے کیے جن میں 62 عسکریت ہلاک ہو گئے۔
افریقہ کمانڈ کی فوج ، ایفریکام نے کہا ہے کہ 4 فضائی حملے ہفتے کے روز کیے گئے جن سے 34 عسکریت پسند مارے گئے جب کہ اتوار کے روز مزید 2 حملے ہوئے جن کا نشانہ 28 عسکریت پسند بنے۔
افریکام کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افریقی کمانڈ اور ہمارے صومالی شراکت داروں نے دور افتادہ علاقوں کو عسکریت پسندوں کی جانب سے دہشت گردی کی منصوبہ بندی، لوگوں کو اکسانے اور مستقبل کے حملوں کے لیے رنگروٹ بھرتی کرنے سے روکنے کے لیے فضائی آپریشن کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فضائی حملے اس سال کے مہلک ترین حملوں میں سے ایک ہیں، جس میں ایک بھی عام شہری ہلاک نہیں ہوا۔
بیان کے مطابق اب تک کی جانچ پڑتال کے مطابق ان فضائی حملوں میں کسی بھی عام شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکہ، اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کی مدد لیے صومالیہ میں باقاعدگی سے فضائی حملے کر رہا ہے۔ یہ حکومت کئی برسوں سے الشباب کی شورش کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔
پچھلے مہینے امریکی فوج نے کہا تھا کہ اس کے آپریشن میں 37 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔