رسائی کے لنکس

صومالی دارالحکومت تین کار بم دھماکوں سے گونج اٹھا، 27 افراد ہلاک


موغا دیشو میں کار بم دھماکوں کے بعد تباہی کا منظر۔ 9 نومبر 2018
موغا دیشو میں کار بم دھماکوں کے بعد تباہی کا منظر۔ 9 نومبر 2018

صومالیہ کے دارالحکومت میں جمعے کے روز تین کار بم دھماکوں اور فائرنگ سے کم ازکم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ عینی شاہدین اور صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کی اس کارروائی میں 4 حملہ آور بھی ہلاک ہو ئے جس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 27 ہو گئی۔

تینوں دھماکے تین منٹ کے اندر ہوئے، جن کا ہدف موغادیشو کا ایک ہوٹل صحفی اور اس کے اردگرد کا علاقہ تھا۔ فوجداری مقدمات کی تفتیش کرنے والے پولیس کے شعبے کا ہیڈکوارٹرز سی آئی ڈی بھی اسی علاقے میں واقع ہے۔

ایمبولینس سروس کے سربراہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان کی کمپنی نے 45 زخمیوں کو اسپتال پہنچایا ہے۔

صومالیہ کے سیکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کی فائرنگ کا جواب دیا۔

چار حملہ آور ہوٹل کی چھت پر چڑھ کر لوگوں پر گولیاں برسانے لگے۔ سیکیورٹی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے چاروں حملہ آوروں کو ہلا ک کر کے ہوٹل میں ٹہرے ہوئے درجنوں افراد کی جانیں بچائیں۔

القاعدہ سے منسلک دہشت گرد گروپ الشباب نے، جو گزشتہ 10 سال سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

ہوٹل کے اندر موجود ایک عینی شاہد نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکے کی شدت سے عمارت کے سامنے کا حصہ تباہ ہو گیا اور کھڑکیاں اڑ گئیں۔

ایک سابق قانون ساز عبدی بیری جبریل نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد راہگیر تھے۔ انہوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو عورتیں اور ایک 8 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG