رسائی کے لنکس

شربت گلہ کو 15 دن قید اور جرمانے کی سزا


افغان پناہ گزین خاتون شربت گلہ کو پشاور کی ایک ذیلی عدالت نے پاکستان کا جعلی شناختی کارڈ بنوانےکے جرم میں 15 دن قید اور ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

عدالت کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ سزا مکمل ہونے پر شربت گلہ کو اُن کے ملک افغانستان بھیج دیا جائے۔

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف آئی اے' نے شربت گلہ کو پاکستان کا جعلی شناختی کارڈ بنوانے کے الزام میں گزشتہ ہفتے پشاور سے گرفتار کیا تھا۔ لیکن بعد ازاں ان کی خرابی صحت کے بنا پر وہ ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

شربت گلہ کے وکیل وفی اللہ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ جرمانے کی رقم فوری طور پر ادا کر دی گئی ہے جب کہ ان کی موکلہ 11 روز کی سزا پہلے ہی کاٹ چکی ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے جمعرات کو کہا تھا کہ شربت گلہ کے معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جا رہا ہے اور اُنھیں اسپتال میں مناسب طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

شربت گلہ 1980 کے دہائی میں افغانستان میں لڑائی کے سبب دیگر لاکھوں افغانوں کی طرح اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان نقل مکانی پر مجبور ہوئی تھیں، اس عرصے کے دوران معروف جریدے نیشنل جیوگرافک نے اپنے ایک شمارے کے سرورق پر ان کی تصویر شائع کی۔ اس وقت ان کی عمر 12 سال تھی جس کے بعد وہ 'افغان مونا لیزا' کے نام سے پکاری جانے لگیں۔

گزشتہ سال ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ شربت گلہ اور اُن کے دو بیٹوں نے پاکستانی شناختی کارڈ بنوائے ہیں۔

پاکستان میں کوائف کا اندارج کرنے والے قومی ادارے ’نادرا‘ کی طرف سے خبروں کی تصدیق کے بعد، شربت گلہ اور اُن دو بیٹوں کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے گئے تھے۔

شربت گلہ کی گرفتاری پر نا صرف بعض پاکستانی حلقوں نے بھی تشویش کا اظہار کیا جب کہ افغانستان کے عہدیداروں کی طرف سے بھی ان کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG