رسائی کے لنکس

ٹی 20 میچ، شفقت امانت علی اور امیتابھ قومی ترانے پڑھیں گے


پاک بھارت میچ کی شروعات سے قبل شفقت امانت علی خان پاکستان اور میگا اسٹار امیتابھ بچن بھارت کا قومی ترانہ پڑھیں گے۔

پاکستان اور بھارت میں لوگ کرکٹ کے دیوانے ہیں اور یہی عالم بالی وڈ سے لگاوٴ کا بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کرکٹ کے میدانوں میں بھی بالی وڈ کے چوٹی کے ستارے موجود ہوتے ہیں۔

ان دنوں ٹی 20 ورلڈ کپ کا بخار سرحد کے دونوں جانب عروج پر ہے اور اس کا نکتہ عروج اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کو کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

اس میچ کے حوالے سے کرکٹ لورز کا جوش و خروش عروج پر ہے اور اسی حساب سے تیاریاں بھی جاری ہیں۔

بھارتی چینل ’آج تک‘ کے اسپورٹس ایڈیٹر وکرانت گپتا نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت میچ کی شروعات سے قبل شفقت امانت علی خان پاکستان اور میگا اسٹار امیتابھ بچن بھارت کا قومی ترانہ پڑھیں گے۔ اس خبر نے کرکٹ کے دیوانوں کے جوش و جذبے میں مزید کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا میں گردش کرتی خبروں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج میچ کو انجوائے کرنے کے لئے بالی وڈ کی بہت سی ہستیاں اسٹیڈیم پہنچیں گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان اور سیاست دان شیخ رشیدبھی میچ دیکھنے والوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔

آثار بتا رہے ہیں کہ میچ کے روز نہ صرف اسٹیڈیم میں کسی میلے کا سا سماں ہوگا بلکہ پاکستان اور بھارت کے گلی کوچے بھی ویران ہوں گے کیونکہ سب ہی ٹی وی کے آگے بیٹھ کر اپنی اپنی ٹیم کی جیت کی دعائیں کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ معرکہ 19 مارچ کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG