رسائی کے لنکس

پھر سجے گا پاکستانی اور بھارتی گلوکاروں کا موسیقی میلہ


احسن خان کے بقول، ’آج کل کے کشیدگی بھرے ماحول میں ’ایشیاز سنگنگ سپر اسٹار‘ سرحد کے دونوں جانب لوگوں کے موڈ کو بدلنے اور کشیدگی کو کم کرنے میں یقینا کامیاب رہے گا‘

کہاوت مشہور ہے کہ سروں کے بادشاہ تان سین جب تان لگاتے تھے تو شیشے ٹوٹ کر بکھر جاتے تھے۔ معلوم نہیں اس کہاوت کو کبھی کسی نے سچائی کی کسوٹی پر پرکھا ہو یا نہیں، البتہ یہ کھرا سچ ضرور ہے کہ ’موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوا کرتی۔۔اور اس سے دلوں کو جوڑنےکا کام بخوبی لیا جا سکتا ہے۔‘

آفرین ہے ایسے لوگوں پر جو پاکستان اور بھارت کے درمیان پھیلی ہوئی کشیدگی میں بھی دوستی، بھائی چارے اور امن کی شمعیں روشن کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور ان کے حوصلے مخالف ہواوٴں کے باوجود پست نہیں ہوئے۔

اس کی تازہ مثال دونوں ممالک کے نوجوان گلوکاروں کے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے نئے عزم کے ساتھ شروع کیا جانے والا میوزکل رئیلٹی شو ’ایشیاز سنگنگ سپر اسٹار‘ ہے۔ رئیلٹی شو میں دونوں ملکوں کی کئی سیلبریٹیز بھی شرکت کریں گی۔

’ایشیاز سنگنگ سپر اسٹار‘ میں پاکستان،بھارت اور متحدہ عرب امارات کے نوجوان گلوکاروں کو اپنی قسمت آزمانے کا موقع ملے گا۔ شو میں جج کے فرائض انجام دیں گے پاکستان کے نامور گلوکار شفقت امانت علی خان اور بالی وڈ کے مشہور گلوکار اور میوزیشن شنکر مہا دیون۔

موسیقی اور سریلی آوازوں سے سجے اس شوکی میزبانی کون کرے گا۔۔؟ تو اس کا جواب ہے پاکستانی اداکار احسن خان اور بھارتی پلے بیک سنگر شویتا پنڈت۔

احسن خان نے امید ظاہر کی ہے کہ شو پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ احسن کے بقول ’آج کل کے کشیدگی بھرے ماحول میں ’ایشیاز سنگنگ سپر اسٹار‘ سرحد کے دونوں جانب لوگوں کے موڈ کو بدلنے اور کشیدگی کو کم کرنے میں یقینا کامیاب رہے گا۔‘

شو میں شریک امیدواروں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ایک گروپ کو شفقت امانت علی خان جبکہ دوسرے کو شنکرمہا دیون لیڈ کریں گے۔

’ایشیاز سنگنگ اسٹار‘ دبئی میں شوٹ ہو رہا ہے اور 31 اکتوبر سے جیو ٹی وی پر آن ائیر ہوگا۔

XS
SM
MD
LG