رسائی کے لنکس

امریکہ میں کہیں جھلسا دینے والی گرمی، کہیں سیلاب اور کہیں برف باری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • حکام نے جنوب مغربی علاقوں میں مقیم افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
  • اتوار کو چھ کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ لوگوں کو گرمی کا سامنا تھا، نیشنل ویدر سروس
  • ریاست مونٹانا اور شمالی وسطی ایڈاہو کے کچھ حصوں میں موسم سرما کے طوفان کی وارننگ ہے۔
  • دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی، اور بقیہ وسط بحر اوقیانوس کے ساتھ ساتھ نیو انگلینڈ میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

امریکہ کے مختلف حصے ان دنوں موسم کے تغیر کی لپیٹ میں ہیں۔ رواں ہفتے امریکہ کے جنوب مغربی حصوں میں شدید گرمی، خلیجی ریاستوں میں بارش اور سیلاب جب کہ پہاڑی سلسلے اور شمال مغربی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

جن ریاستوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہیں ان میں ایریزونا، نیو میکسیکو، ٹیکساس، کولوراڈو اور کنساس شامل ہیں۔

حکام نے جنوب مغربی علاقوں میں مقیم افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیوں کہ گرمی کی لہر مشرق کی طرف بڑھ رہی ہے جب کہ شدید بارشیں اور سیلاب خلیجی ریاستوں میں تباہی مجا سکتے ہیں اور برف باری سے پہاڑی اور شمال مغربی حصوں کو خطرہ ہے۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق اتوار کو چھ کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ لوگوں کو گرمی کا سامنا تھا۔ گرم موسم جنوب مغرب سے شمال کی طرف ڈینور اور شکاگو تک پھیلا ہوا تھا۔

اسی طرح بحر الکاہل کے شمال مغرب میں غیر موسمی سردی تھی اور برف شمالی پہاڑوں کی طرف بڑھ رہی تھی۔

ملک کے شمالی میدانی علاقوں سے بالائی مڈویسٹ تک شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پیر اور منگل کو شمالی راکیز پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی ہے۔ مونٹانا اور شمالی وسطی ایڈاہو کے کچھ حصوں میں موسم سرما کے طوفان کی وارننگ ہے جب کہ ریاست مونٹانا کے شہر مسوولا کے آس پاس کے پہاڑوں پر 6 انچ تک برف پڑنے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ، گلیشیر نیشنل پارک کے ارد گرد بھی زیادہ سے زیادہ بلندی کے علاقوں پر 20 انچ تک برف بڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ریاست ایریزونا کے سب سے بڑے شہر فینکس میں ہفتے کو درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو اتوار کو کم ہو کر 43.3 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا تھا۔

موسمی ماہرین کے مطابق فینکس میں جون کے پہلے دو ہفتے پہلے ہی معمول سے اوسطاً 5.6 ڈگری فارن ہائیٹ زیادہ گرم رہے ہیں، جس سے یہ ریکارڈ پر جون کا گرم ترین آغاز ہے۔

فینکس میں نیشنل ویدر سروس کے ماہر موسمیات ٹیڈ وِٹاک نے کہا کہ لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان گھر سے باہر کم سے کم وقت گزاریں، پانی پیتے رہیں اور ہلکے اور ڈھیلے لباس پہنیں۔

فینکس کے میڑو علاقے میں حالیہ برسوں میں گرمی خاص طور پر خطرناک رہی ہے۔ علاقے میں سال 2023 میں گرمی سے متعلقہ وجوہات سے 645 افراد ہلاک ہوئے، جو کہ ایک ریکارڈ تھا۔

دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی، اور بقیہ وسط بحر اوقیانوس کے ساتھ ساتھ نیو انگلینڈ میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

پچھلے سال امریکہ میں گرمی کی سب سے زیادہ لہریں دیکھی گئی تھیں جو 1936 کے بعد سے غیر معمولی طور پر گرم موسم تھا۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG