رسائی کے لنکس

امریکہ میں شدید طوفانوں سے تباہی،ہلاکتیں بڑھ کر 21 ہو گئیں


 امریکی ریاست ٹکساس کے علاقے ویلی ویو میں ٹورنیڈو کے بعد تباہی کا ایک منظر فوٹو اے پی ، 26 مئی 2026
امریکی ریاست ٹکساس کے علاقے ویلی ویو میں ٹورنیڈو کے بعد تباہی کا ایک منظر فوٹو اے پی ، 26 مئی 2026
  • امریکہ میں ہفتے کے آخر میں آنے والے طوفانوں اور دوسرے شدید موسم سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پیر کے روز 21 ہو گئی۔
  • طوفان کے اس سسٹم نے جس کا آغاز ہفتے کی رات جنوبی میدانی علاقے سے ہوا، گاڑیاں الٹ دیں ،گھروں کو تباہ کیا اور اپنے راستے میں مہلک تباہی کا ایک سلسلہ برپا کر دیا۔
  • ارکنساس سے لے کر پنسلوانیا تک اور جنوب میں جارجیا تک پھیلی ہوئی ریاستوں میں پیر کو ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہوئے۔

امریکہ میں ہفتے کے آخر میں آنے والے طوفانوں اور دوسرے شدید موسم سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پیر کے روز 21 ہو گئی،جب کہ شدید طوفان سے مشرقی ساحل کے کچھ حصوں میں تباہی کا خطرہ پیدا ہو گیا۔

طوفان کے اس سسٹم نے جس کا آغاز ہفتے کی رات جنوبی میدانی علاقے سے ہوا، جس نے گاڑیاں الٹ دیں ،گھروں کو تباہ کر دیا اور اپنے راستے میں آنے والے علاقوں میں تباہی پھیلا دی۔

قومی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پیر کو ،امریکہ کے میموریل ڈے پر، جب یہ طوفان مشرق کی طرف بڑھیں گے ان سے مزید تباہ کن تیز ہواؤں اور ژالہ باری، جب کہ مشرق وسطی بحرہ اوقیانوس کے علاقوں میں انفرادی طوفانوں کا خطرہ ہے۔

امریکی ریاست آرکنساس کے ایمرجینسی مینجمنٹ ڈویژن کی پبلک انفارمیشن آفیسر لیسی کنیپ نے پیر کو اے ایف پی کو بتایا کہ اختتام ہفتہ پورے شمال مغربی آرکنساس میں شدید موسم کی زد میں آ کر 8 افراد ہلاک ہوئے۔

ٹیکساس میں 26 مئی کو آنے والے ٹارنیڈو کے بعد گاٖڑیاں ملبے تلے دبی ہیں ، فوٹو اے پی
ٹیکساس میں 26 مئی کو آنے والے ٹارنیڈو کے بعد گاٖڑیاں ملبے تلے دبی ہیں ، فوٹو اے پی

کینٹکی کی مرسر کاؤنٹی کی ہنگامی امور کی انتظامیہ نے پیر کو بتایا کہ ایک گھر پر درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ شہر کے میئر کریگ گرینبرگ نے بتایا کہ ہفتے کے آخر میں لوئس ول میں ایک اور شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی۔

کوک کاؤنٹی کے شیرف رے سیپنگٹن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹیکساس کے علاقے ڈیلس کے شمال میں ویلی ویو میں طوفان میں گھر کر 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

طوفانی بگولوں نے گھروں اور ایک گیس اسٹیشن کو تباہ کر دیا، اور ایک انٹر اسٹیٹ ہائی وے پر گاڑیاں الٹ دیں۔ سیپنگٹن نے دی ویدر چینل کو ایک انٹرویو میں نقصان کو کافی شدید قرار دیا۔

اوکلاہاما کی مائیس کاؤنٹی کی ہنگامی امور کی انتظامیہ کے سربراہ جونی جانزین نے تلسا میں فاکس نیوز کے ایک پارٹنر ادارے کو بتایا کہ ہفتے کے آخر میں کاؤنٹی سے ٹکرانے والے ایک طوفان کے بعد کم از کم دو لوگ ہلاک ہو گئے۔

ویلی ویو ٹیکساس میں طوفان کے بعد تباہی کا ایک اور منظر ، فوٹو اے پی 26 مئی 2024
ویلی ویو ٹیکساس میں طوفان کے بعد تباہی کا ایک اور منظر ، فوٹو اے پی 26 مئی 2024

کچھ لوگوں نے طوفانوں کی تباہی کی فوٹیج شئیر کیں جن میں مکانوں کی چھتوں کے اڑنے اور درختوں کے گرنے کے نتیجے میں بجلی کی تاروں میں اسپارک پیدا ہوتے ہوئے اور ملبوں کو فضا میں اڑتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

شمالی ریاست انڈیانا میں، طوفان کی وجہ سے انڈیانا پولس 500 موٹر ریس کا آغاز اتوار کو چار گھنٹے کے لیے تاخیر کا شکار ہوا۔ شائقین کو سٹینڈز سے باہر نکل کر پناہ لینے کو کہا گیا۔

ویب سائٹ Poweroutage.us کے مطابق، ارکنساس سے لے کر پنسلوانیا تک اور جنوب میں جارجیا تک پھیلی ہوئی ریاستوں میں پیر کو ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہو گئے تھے۔

امریکہ میں ٹارنیڈو نسبتاً عام ہیں، خاص طور پر ملک کے مرکزی اور جنوبی علاقوں میں۔

اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی اور اے پی سے لیا گیا ہے ۔

فورم

XS
SM
MD
LG