رسائی کے لنکس

امریکہ میں نئی گاڑیوں کی خریداری کا رجحان کم کیوں ہو رہا ہے؟


فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

  • بڑھتی ہوئی قیمتوں کو امریکہ میں گاڑیوں کے استعمال کی اوسط مدت میں اضافے کا بنیادی سبب قرار دیا جاتا ہے۔
  • اگرچہ نئی گاڑی کی قیمت میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی لیکن یہ اب بھی کئی گھرانوں کی پہنچ سے باہر ہے۔
  • امریکہ کی سڑکوں پر چلنے والی 70 فی صد گاڑیاں چھ سال یا اس سے بھی پرانی ہو چکی ہیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ گاڑی محض سواری اور ضرورت نہیں رہی بلکہ کئی لوگوں کا شوق اور جنون بن چکی ہے۔ کئی تو ایسے ہیں جن کے لیے گاڑی بدلنا ایک مشغلے کی حیثیت رکھتا ہے۔

لیکن یہ ان لوگوں کے لیے مشغلہ ہے جن کے پاس اس شوق کو پورا کرنے کے پیسے بھی ہوں ورنہ جیب اجازت نہ دے تو چلتی کا نام گاڑی ہی کیوں نہ اس کے ساتھ گزارہ کرنا پڑتا ہے۔

دنیا میں گاڑی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے نئی گاڑی خریدنا اب اور بھی مشکل ہو گیا ہے۔ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی کاروں، ٹرکس اور ایس یو ویز کے استعمال کی اوسط مدت بڑھ کر 12 سال سے زائد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یہاں بھی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو امریکیوں میں ایک گاڑی کو طویل مدت تک استعمال کرنے کے رجحان کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکہ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن ڈیٹا پر نظر رکھنے والے ادارے ایس اینڈ پی گلوبل موبیلٹی کا کہنا ہے کہ امریکہ میں گاڑیوں کے استعمال کی اوسط مدت میں گزشتہ برس کے مقابلے میں دو ماہ کا اضافہ ہوا ہے۔

بدھ کو جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں گاڑی استعمال کرنے کی اوسط مدت یا اس کی عمر 12.6 برس ہو گئی ہے۔

لیکن گاڑیوں کی اوسط عمر میں اضافہ وبا کے دنوں میں ہونے والی پرزوں کی کمی اور کمپیوٹر چپ کی قلت دور ہونے کے بعد سست پڑ گئی تھی۔ تاہم 2023 کے تین ماہ میں اوسط میں اضافہ ہوا۔

ڈیٹا کمپنی جے ڈی پاؤر کے مطابق گزشتہ ماہ تک امریکہ میں نئی گاڑیوں کی اوسط قیمت 45 ہزار ڈالر تھی۔ گاڑیوں کی اوسط قیمت دسمبر 2022 میں بلند ترین سطح تھی جس میں اب دو ہزار ڈالر تک کمی آچکی ہے لیکن اب بھی یہ کئی گھرانوں کی پہنچ سے باہر ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل موبیلٹی کے مطابق اگرچہ گاڑیوں کی اوسط قیمتیں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کمک ہوئی ہیں۔ لیکن گئی گھرانوں کے لیے یہ اب بھی زیادہ ہیں اسی لیے وہ اپنے زیرِ استعمال گاڑیوں کو زیادہ مدت تک استعمال کر رہے ہیں۔

امریکہ میں کرونا وبا کے دوران پرزوں اور سپلائی چین کی دستیابی میں رکاوٹوں کے باعث گاڑیوں کی پیداوار اور طلب دونوں متاثر ہوئی تھیں۔ تاہم اب مارکیٹ اس اثر سے باہر آرہی ہے اور رواں برس نئی گاڑیوں کی فروخت ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گزشتہ برس گاڑیوں کی فروخت ایک کروڑ 56 اور 2022 میں ایک کروڑ 39 لاکھ ڈالر تک پہنچی تھی۔

امریکہ میں 28 کروڑ سے زائد پسنجر گاڑیاں ہیں اور مزید نئی گاڑیاں آنے سے ان کی اوسط عمر میں کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

تاہم زیادہ مدت تک گاڑیوں کا استعمال ان کی مرمت کا کام کرنے والوں کے لیے خوش خبری ہے۔ ڈیٹا کے مطابق امریکی کی سڑکوں پر چلنے والی 70 فی صد گاڑیاں چھ برس یا اس سے زائد مدت سے استعمال ہو رہی ہیں اور ان پر گاڑی بنانے والی کمپنیوں کی وارنٹی ختم ہوچکی ہے۔

اس خبر کے لیے معلومات ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG