رسائی کے لنکس

نائیجیریا: کیمرون کی فوج کی فائرنگ سے 70 دیہاتی ہلاک


ایک مقامی ملیشیا کے ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمرون کے فوجی اہلکار بوکو حرام کے جنگجووں کے تعاقب میں تھے جب انہوں نے دیہاتیوں پر فائرنگ کی۔

نائیجیریا کے ایک سرحدی گاؤں میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجووں کو تلاش کرنے والے کیمرون کے فوجی اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے 70 عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

نائیجیریا کی سرحدی ریاست بورنو کے کیراوا جمنی نامی گاؤں کے رہائشیوں کے مطابق واقعہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب کیمرون کی فوج کا ایک دستہ گاؤں میں داخل ہوا اور مقامی رہائشیوں سے بوکو حرام کے جنگجووں کے ٹھکانوں کا پوچھنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے بچنے کے لیے کئی دیہاتی گاؤں سے فرار ہوگئے تھے جن کے بقول جب وہ اگلے روز واپس گاؤں پہنچے تو انہیں وہاں لگ بھگ 70 افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں ماری گئی تھیں۔

شدت پسندوں کےخلاف رضاکاروں پر مشتمل ایک مقامی ملیشیا کے ترجمان عباس گاوا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمرون کے فوجی اہلکار بوکو حرام کے جنگجووں کے تعاقب میں تھے جب انہوں نے دیہاتیوں پر فائرنگ کی۔

رضاکار ملیشیا کے ایک مقامی کمانڈر اور متاثرہ گاؤں کے رہائشی محمد عبا نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کیمرون کی فوج کے دستے اچانک گاؤں میں داخل ہوئے اور رہائشیوں سے پوچھا کہ بوکو حرام کے جنگجو کہاں چھپے ہوئے ہیں۔

محمد عبا کے بقول ان کے جواب دینے سے قبل ہی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے باعث وہاں بھگڈر مچ گئی اور دیہاتی اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگ گئے۔

فائرنگ کا نشانہ بننے والا بورنو ریاست کا گاؤں نائیجیریا اور کیمرون کی سرحد پر واقع ہے۔ نائجیریا کی یہ سرحدی ریاست بوکو حرام کے جنگجووں کا مضبوط گڑھ ہے جو 2013ء سے مسلسل جنگجووں کے حملوں کا نشانہ بن رہی ہے۔

کیمرون کی فوج کے ترجمان کرنل ڈیڈیئر بڈجیک نے بدھ کو امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے گفتگو کرتے ہوئے ان دعووں کی تردید کی ہے کہ ان کے ملک کے فوجیوں نے عام شہریوں پر فائرنگ کی۔

فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کیمرون کے فوجی دستے نائیجیریا کی فوج کے ساتھ مل کر بوکو حرام کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں جن کے انتقام میں جنگجو عام دیہاتیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

اس سے قبل نائیجیریا کے ایک دوسرے سرحدی گاؤں کے دیہاتیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 30 نومبر کو بھی بوکو حرام کے جنگجووں کا تعاقب کرتے ہوئے کیمرون کی فوج نائجیریا میں داخل ہوگئی تھی جہاں اس نے فائرنگ کرکے 150 سے زائد افراد کو قتل کردیا تھا۔

کیمرون کی حکومت نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

XS
SM
MD
LG