رسائی کے لنکس

امریکی سفارت خانے اور برطانوی ہائی کمیشن کا سکیورٹی انتباہ


فیض آباد
فیض آباد

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے پاکستان میں اپنے شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے ٹریول الرٹ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’’اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی مخدوش صورتحال کے پیش نظر حال ہی میں جاری کردہ ٹریول ایڈوائزی ابھی تک زیر نفاذ ہے‘‘

پاکستان میں موجودہ صورتحال اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کے دھرنے کے پیش نظر، امریکی سفارت خانے اور برطانوی ہائی کمشن نے اپنے شہریوں کے لئے سکیورٹی الرٹ و ٹریول ایڈوائزری جاری کر دیئے ہیں۔ امریکی سفارت خانہ نے اپنے سفارتی عملے کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے پاکستان میں اپنے شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے ٹریول الرٹ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’’اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی مخدوش صورتحال کے پیش نظر حال ہی میں جاری کردہ ٹریول ایڈوائزی ابھی تک زیر نفاذ ہے‘‘۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ’’پاکستانی حکومت تحریک لبیک یا رسول اللہ تنطیم کے مظاہرین کو راولپنڈی و اسلام آباد میں منتشر کرنے کے لئے ایکشن لے رہی ہے۔ اگرچہ پولیس نے فیض آباد میں مظاہرین کو منتشر کیا ہے۔ تاہم، وہ دیگر مقامات پر دوبارہ منظم ہو رہے ہیں۔ مظاہرین کے دیگر گروہ اس وقت اسلام آباد میں ترامڑی چوک، بھارہ کہو اور راول ڈیم کے نزدیک موجود ہیں‘‘۔

’’اس صورتحال کے باعث، شہر بھر، بالخصوص اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ جانے اور واپسی والے راستوں پر ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ سفارت خانے کی انتظامیہ کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں اچانک مظاہرے ہونے پر بھی تحفظات ہیں‘‘۔

مزید کہا گیا ہے کہ ’’اسلام آباد میں ریاستی عمارات اور سفارتی علاقہ و ریڈ زون تک رسائی منقطع کر دی گئی ہے۔ موٹر وے ایم ٹو کے چند حصوں کی طرح کلب روڈ، روات سے ایکسپریس وے، پارک روڈ، بھارہ کہو روڈ اور راول ڈیم روڈ بند ہیں اور راولپنڈی و اسلام آباد کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ امریکی شہریوں کو ایسے علاقوں جہاں مظاہرین موجود ہیں کی جانب سفر سے احتزاز برتنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔‘‘

سفارت خانے نے پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شناختی دستویزات اپنے ہمراہ رکھیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

برطانوی ہائی کمشن نے بھی پاکستان میں برطانوی شہریوں کے لئے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، لاہور اور کراچی سمیت پاکستان کے چند شہروں میں امن و امان کی صورت حال ’’خاصی خراب ہے۔‘‘

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اسلام آباد ائرپورٹ کے راستوں میں بھی خلل کی مصدقہ اطلاعات موجود ہیں۔ سلامتی کی ابتر صورتحال کے باعث، اسلام آباد اور کراچی میں برطانوی ہائی کمشن کے عملے کو اپنی غیر ضروری آمد و رفت کو محدود کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے‘‘۔

ہائی کمیشن نے اپنے عملے سے کہا ہے کہ ’’سلامتی کی صورتحال واضح ہونے تک برطانوی ہائی کمشن کا عملہ اپنی آمد و رفت کو محدود رکھے، جب کہ برطانوی شہری پر ہجوم جگہوں و مظاہروں اور ہنگامہ آرائی کے حوالے سے حساس علاقوں سے اجتناب برتیں‘‘۔

ہائی کمیشن نے مزید کہا ہے کہ ’’فارن و کامن ویلتھ آفس، قبائلی علاقہ جات، شمالی و مغربی بلوچستان، اسلام آباد سے گلگت قراقرم ہائی وے، پشاور، پشاور تا چترال، لواری پاس پر سفر سے بھرپور اجتناب، جبکہ چارسدہ، کوہاٹ، ٹانک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، بونیر اور لویر دیر کے سفر سے مکمل احتراز کیا جائے۔‘‘

فیض آباد میں جاری مذہبی جماعت کے دھرنا کی وجہ سے صورتحال اب تک ٹھیک نہیں ہے، وفاقی حکومت نے ریڈ زون اور سفارتی علاقوں میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی ہے اور اس طرف جانے والے راستوں پر کنٹینر لگا کر تمام راستے سیل کر دیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG