رسائی کے لنکس

ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنا لیے


امام الحق اور محمد عباس کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ بالر محمد موسیٰ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔
امام الحق اور محمد عباس کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ بالر محمد موسیٰ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنا لیے۔ ڈیوڈ وارنر 166 جبکہ مارنس لابوشانگ 126 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ایڈیلیڈ کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں کینگروز ٹیم کے کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی پہلی وکٹ آٹھ رنز پر گر گئی جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر جو برنز چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد آسٹریلوی بلے بازوں نے پاکستانی بالرز کی ایک نہ چلنے دی۔

دونوں بلے بازوں نے 294 رنز کی پارٹنر شپ کے ذریعے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں میں دوسری وکٹ کی شراکت داری کا 21 سالہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے سابق کپتان مارک ٹیلر اور جسٹن لینگر نے 1998 میں پشاور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں دوسری وکٹ کی شراکت میں 279 رنز بنائے تھے۔

ڈیوڈ وارنر اور مارنس لابوشانگ نے اسپنر یاسر شاہ سمیت پاکستان کے پیس اٹیک کے خلاف بھی پراعتماد انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد عباس اور امام الحق کی واپسی ہوئی ہے جب کہ فاسٹ بالر محمد موسیٰ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔

سلیکٹرز نے پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ، مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل اور فاسٹ بالر عمران خان کو آرام دیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کپتان اظہر علی، شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، اسد شفیق، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور محمد موسیٰ جب کہ آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے برسبین میں کھیلے گئے پہلے میچ آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست دے دی تھی۔

XS
SM
MD
LG