رسائی کے لنکس

انگلش فاسٹ بالر آرچر کے ساتھ نسلی بدسلوکی، سیکیورٹی میں اضافہ


انگلینڈ کے فاسٹ بالر جوفرا آرچر
انگلینڈ کے فاسٹ بالر جوفرا آرچر

نیوزی لینڈ کرکٹ انتظامیہ نے ہملٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے فاسٹ بالر جوفرا آرچر کی سیکیورٹی میں اضافے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

یہ اقدام تماشائیوں کی جانب سے 'ماؤنٹ مونگنئی' میں پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز جوفرا آرچر کے خلاف نسل پرستانہ رویہ اختیار کرنے پر اٹھایا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے جوفرا آرچر پر طنزیہ فقرے کسنے کو "ہولناک" قرار دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ واقعے سے پولیس کو مطلع کردیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے ملزم کی نشاندہی پر اسے بلیک لسٹ کرتے ہوئے اس کے گراؤنڈ میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران بتایا کہ ایسے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آرچر نے میچ کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اپنے خلاف ہونے والی نسلی بدسلوکی سے قدرے پریشان ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' سے گفتگو میں جوفرا آرچر کا کہنا تھا کہ میرے رنگ کے حوالے سے مچھ پر تنقید کے علاوہ طنزیہ فقرے کسے گئے۔

بے آف اوول میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو ایک اننگز اور 65 رنز سے شکست دے دی تھی۔ لیکن نیوزی لینڈ کی فتح سے زیادہ یہ واقعہ ذرائع ابلاغ میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ہملٹن ٹیسٹ میں ایسا کوئی ناخوشگوار پیش نہیں آئے گا۔

انہوں نے تماشائیوں کو خبردار کیا کہ نسل پرستانہ جملے کسنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے پر جوفرا آرچر سے باضابطہ طور پر معذرت کی جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم جوفرا آرچر کی سیکیورٹی بڑھا رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی آمد اور روانگی کے راستوں پر سیکیورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG