نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے کر پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کر لی۔
نیلسن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے مقررہ 20 اوورز میں 180 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کو جیت کے لیے 5.2 اوورز میں 42 رنز درکار تھے اور اس کی آٹھ وکٹیں باقی تھیں۔ لیکن انگلینڈ کی پانچ وکٹیں اسکور بورڈ میں محض 10 رنز کے اضافے کے عوض گر گئیں۔
انگلینڈ کو 31 گیندوں پر 42 رنز کی ضرورت تھی جب سینٹنر نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے مورگن کو کولن منرو کے ہاتھوں اپنے اسپیل کی آخری گیند پر کیچ کرا دیا۔ اس سے قبل ڈیوڈ ملان نے 55 اورجیمز ونس نے 49 رنز کے ساتھ اننگز کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لیکن جیسے ہی مورگن آؤٹ ہوئے میچ نے ڈرامائی صورتِ حال اختیار کر لی۔ سام بلنگز ایک کے اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔
لاکی فرگوسن نے لیوس گریگوری کو بولڈ کردیا۔ کورین دورنز پر کیچ ہوئے۔ ٹام کورن اور ثاقب محمود ناٹ آؤٹ رہے۔
فرگسن اور ٹکنر نے 25، 25 رن دے کر دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سینٹنر اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔