رسائی کے لنکس

پشاور کے لیے سعودی ائرلائنز کی سروس بحال


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی ائر لائنز کے عہدیدار جہانگیر خان خلیل نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان کی کمپنی کی پشاور کے لیے ہفتے میں چار روز پروازیں چلتی ہیں جسے تعطل کے بعد اب دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی فضائی کمپنی نے تقریباً دو ماہ کے تعطل کے بعد جمعرات کو پشاور کے لیے اپنی فضائی سروس بحال کردی۔

جون کے اواخر میں پشاور کے باچا خان ائر پورٹ پر پاکستان کی قومی فضائی کمپنی "پی آئی اے" کے اترنے والے ایک مسافر طیارے پر شدت پسندوں کی فائرنگ سے ایک خاتون مسافر ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس کے بعد سعودی ائرلائنز کے علاوہ خلیجی ممالک کی تین فضائی کمپنیوں نے اپنی سروس پشاور کے لیے عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔

پشاور کے ہوائی اڈے پر سعودی ائر لائنز کے عہدیدار جہانگیر خان خلیل نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان کی کمپنی کی پشاور کے لیے ہفتے میں چار روز پروازیں چلتی ہیں جسے تعطل کے بعد اب دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

"سکیورٹی خدشات کی وجہ سے جو پروازیں معطل کی گئی تھیں انھیں اب بحال کر دیا گیا سکیورٹی کلیئرنس کے بعد"۔

تاحال اتحاد ائرویز، العربیہ ائرلائنز اور قطر ائر ویز نے پشاور کے لیے اپنی فضائی سروس بحال نہیں کی۔

خیبر پختوںخواہ سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں میں بسلسلہ روزگار مقیم ہے اور پشاور کے لیے ان ملکوں کی فضائی سروس معطل ہونے سے ان لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

آٹھ جون کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس میں دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس واقعے کے بعد ملک کے تمام ہوائی اڈوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی جب کہ فوج نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر دی تھی۔ فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد ملک میں مجموعی طور پر دہشت گردانہ واقعات میں قابل ذکر حد تک کمی دیکھی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG