رسائی کے لنکس

سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل موصول، لارنس بشنوئی گینگ کے خلاف ایف آئی آر درج 


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جب کہ ممبئی پولیس نے گینگسٹر لارنس بشنوئی، گولڈی برار اور موہت گارگ کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر دی ہے۔

بھاررتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' کے مطابق سلمان خان کو ان کی آفس کی ای میل آئی ڈی پر ہفتے کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس کے بعد اداکار کے مینیجر اور قریبی دوست پراشانت گنجالکر نے باندرا پولیس کو شکایت درج کرائی۔

'انڈین ایکسپریس' کے مطابق موہت گارگ کی آئی ڈی سے بھیجی جانے والی اس ای میل میں کہا گیا تھا کہ "گولڈی برار کو سلمان خان سے بات کرنی ہے، لارنس بشنوئی کا انٹرویو تو دیکھ ہی لیا ہوگا اور اگر نہیں دیکھا تو دیکھ لینا۔"

دھمکی آمیز ای میل میں مزید کہا گیا تھا کہ اگر معاملہ حل کرنا ہے تو اداکار بات کریں اور اگر ایسا نہ ہوا تو وہ نتائج کے لیے تیار رہیں۔

لارنس بشنوئی کا شمار بھارت کے بڑے گینگسٹروں میں کیا جاتا ہے اور وہ اس وقت جیل میں قید ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورڑس کے مطابق بشنوئی گینگسٹر نے حال ہی میں تہار جیل سے ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان زندگی کا مشن سلمان خان سے ٹکرانا ہے۔

باندرا پولیس کے مطابق ان دھمکیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حکومت نے حال ہی میں سلمان خان کی سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان خان ماضی میں بھی بشنوئی گینگ کے رڈار پر تھے۔ تاہم اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا جب سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی موصول ہوئی ہو۔ گزشتہ برس جون میں بھی سلمان خان کے والد کو ممبئی کے علاقے باندرا بینڈ اسٹینڈ سے ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔

اس خط میں لکھا تھا کہ "موسے والا جیسا کر دوں گا۔" باندرا پولیس نے اس خط کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کی تھیں۔

واضح رہے کہ 29 مئی 2022 کو بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کیا گیا تھا۔ اس واقعے کی ذمے داری 'لارنس بشنوئی گینگ' کے ایک رکن نے قبول کی تھی۔

بشنوئی برادری کالے ہرن کو ایک مقدس جانور تصور کرتی ہے۔ بشنوئی اور سلمان خان کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب سن 1998 میں سلمان خان ساتھی اداکار سیف علی خان، تبو، سونالی اور نیلم کے ساتھ فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے لیے جودھ پور میں تھے۔

سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک گاؤں کے نزدیک نایاب نسل کے دو چنکارا ہرنوں کا شکار کیا تھا۔

سلمان خان کے خلاف یہ مقدمہ اب بھی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہے جب کہ وہ خود ضمانت پر رہا ہیں۔

XS
SM
MD
LG