رسائی کے لنکس

سعودی عرب اور امارات میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا


سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شہریوں سے چاند سے متعلق شہادتیں جمع کرانے کی اپیل کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ چاند نظر آنے پر سرکاری ادارے یا عدالت کے رو برو اپنی شہادتیں قلمبند کروائیں

اطلاعات کے مطابق، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں پیر کی رات شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا، وہاں عیدالفطر بدھ 6 جولائی کو ہوگی۔ چاند نظر نہ آنے کا اعلان سعودی اعلیٰ عدالتی کونسل نے کیا۔

رویت ہلال کے حوالے سے سعودی ماہرین فلکیات نے پہلے ہی یہ پیش گوئی کردی تھی کہ اس بار مملکت میں پورے تیس روزے ہوں گے ۔

سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شہریوں سے چاند سے متعلق شہادتیں جمع کرانے کی اپیل کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ چاند نظر آنے پر سرکاری ادارے یا عدالت کے رو برو اپنی شہادتیں قلمبند کروائیں۔

عدالتی کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ چاند دیکھنے کے لئے سادہ طریقے کے ساتھ ساتھ دوربین بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔

پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل کو ہوگا
ادھر پاکستان میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل کو لاہور میں ہوگا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کریں گے۔

زونل و ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس چاروں دارلحکومتوں میں ہوں گے۔

ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ کے ساحلی اور وسطی پنجاب میں شوال کا چاند نظر آسکتا ہے۔

ادھر مسجد قاسم خان پشاور کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ مسجد کی کمیٹی کا باقاعدہ اجلاس منگل کو ہوگا۔ تاہم، شہادت ملنے پر ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزارت مذہبی امور نے عوام کو چاند کے نظر آنے سے متعلق اطلاع دینے کے لیے خصوصی فون نمبر مشتہر کئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG