رسائی کے لنکس

وائٹ ہاؤس میں چوہے کی گونج


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا کے سب سے طاقت ور ملک کے صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کو دنیا کی محفوظ ترین عمارتوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ لیکن اس عمارت کے عملے کو منگل کو ایک چوہے نے تگنی کا ناچ نچادیا۔

منگل کو وائٹ ہاؤس میں معمول کی پریس بریفنگ کے لیے صحافی بریفنگ روم میں جمع تھے کہ ہال میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک چوہا کمرے کی چھت پر لگی سیلنگ سے مقامی ٹی وی چینل کے نمائندے پیٹر الیگزینڈر کی گود میں آ گرا۔

چھت سے گرنے کے بعد چوہا دوڑتا ہوا ایک شیلف کے پیچھے تاروں میں چھپ گیا۔

چوہے کو دیکھ کر کچھ صحافی تو ڈر کر پیچھے ہٹ گئے جب کہ باقی اس کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے لگے۔ چوہا پہلے دروازے کے نیچے سے وائٹ ہاؤس کے پریس بریفنگ ایریا میں بھاگا اور پھر بریفنگ روم میں چھپ گیا جہاں صحافی اور عملہ اس کا سراغ نہ لگا سکے۔

وائٹ ہاؤس اور اس کے آس پاس کے علاقے کے انتظامی امور کی ذمّہ داری جزوی طور پر نیشنل پارک سروس کے سپرد ہے۔ یہ ادارہ اس علاقے میں چوہوں کے خاتمے کے لیے ہفتہ وار مہم بھی چلاتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والے اس دلچسپ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر چوہے کی ہی گونج سنائی دیتی رہی۔ سیکڑوں لوگوں نے چوہے کی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی شیئر کیا۔

وائٹ ہاؤس میں چوہوں، لال بیگوں اور دیگر حشرات الارض کے سامنے آنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ برس بھی امریکی صدر کی رہائشی عمارت کے لان میں ایک چوہا گھس آیا تھا۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی شہری انتظامیہ نے رواں سال اپنے بجٹ میں چوہوں کے خاتمے کے لیے نو لاکھ چھ ہزار ڈالرز کی خطیر رقم بھی مختص کی ہے۔ لیکن اس کے باوجود بھی علاقے میں چوہوں کی موجودگی کی شکایات بدستور سامنے آ رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG