رسائی کے لنکس

پشاور: چوہا مارنے پر 25 روپے انعام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں مخصوص کیے گئے مقامات پر وہ مارے گئے چوہے لا کر اپنا انعام وصول کر سکتے ہیں۔

پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے صوبائی دارالحکومت میں چوہوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے ہر چوہے کے سر کی قیمت 25 روپے مقرر کی ہے۔

ضلعی ناظم کے دفتر کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ گزشتہ ماہ پشاور کے نواحی علاقے حسن گڑھی میں ایک چھوٹا بچہ چوہے کے کاٹنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

عہدیدار نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اجلاس طلب کیا تھا۔

پشاور کے میئر محمد عاصم خان کی صدارت میں منگل کو ہونے والے اجلاس میں صحت کے حکام کے علاوہ محکمہ پانی اور صفائی کے عہدیدار بھی شریک تھے جنہوں نے مسئلے کے تفصیلی جائزے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

ضلعی انتظامیہ نے ایک چوہا مارنے پر 25 روپے کے انعام کی پیشکش کی ہے۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں مخصوص کیے گئے مقامات پر وہ مارے گئے چوہے لا کر اپنا انعام وصول کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ شہر کے مضافات میں مارے گئے چوہوں کو اکٹھا کرنے کے لیے ایک موبائل سروس کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں میں چوہے مار دوا بھی تقسیم کریں۔

XS
SM
MD
LG