رسائی کے لنکس

رجنی کانت روبصحت ہیں، ڈاکٹرز کی جانب سے مکمل آرام کا مشورہ


رجنی کانت روبصحت ہیں، ڈاکٹرز کی جانب سے مکمل آرام کا مشورہ
رجنی کانت روبصحت ہیں، ڈاکٹرز کی جانب سے مکمل آرام کا مشورہ

بالی ووڈ اور خصوصاً جنوبی بھارت کی علاقائی فلموں کے سپر اسٹار رجنی کانت ان دنوں علیل ہیں اور مقامی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ گزشتہ ہفتے ان کی موت سے متعلق افواہوں نے پورے بھارت میں سنسنی پھیلادی تھی۔ رجنی کانت کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ روبصحت ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

رجنی کانت کو سانس لینے میں مشکل درپیش ہونے کے ساتھ ساتھ گرمی اور تھکن کی بھی شکایت تھی جس کے سبب انہیں 13 مئی کو تامل ناڈو کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیاتھا۔ شری رام چندر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز نے ان کا مکمل چیک اپ اور ابتدائی علاج کے بعد مکمل طور پر آرام کا مشورہ دیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق منگل کو ان کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔ اکسٹھ سالہ اداکار رجنی کانت اپنی عمر کی پروا نہ کرتے ہوئے اب بھی مشکل ترین کردار کرنے میں مصروف ہیں۔

بھارتی ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی اور آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این چندربابو نائیڈو نے رجنی کانت کی اسپتال جاکر عیادت کی۔ اس موقع پر نریندر مودی نے رجنی کانت کو گجرات آکر چھٹیاں گزارنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی مکمل تیمارداری کی جائے گی اور ہرطرح سے خیال رکھا جائے گا۔

رجنی کانت ماہرڈاکٹرز کی ایک ٹیم کے زیر علاج ہیں۔ ان کے مختلف ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں جن کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ وہ 13مئی کو دوسری مرتبہ اسپتال میں داخل ہوئے۔ اس سے قبل 29 اپریل کو پہلی مرتبہ انہیں فلم "رانا" کی شوٹنگ کے دوران اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس وقت وہ چنائی کے ایک اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم طبیعت سنبھلنے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن تیرہ مئی کو انہیں دوبارہ اسپتال داخل ہونا پڑا۔

گزشتہ ہفتے ان کی موت کی افواہ اڑ گئی تھی جس سے پورے بھارت میں سنسنی پھیل گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG