چنائے سے لے کر ممبئی تک تامل فلم انڈسٹری اور تامل زبان بولنے والےلوگوں کے احتجاج کے باوجود اِس سال کا اِنٹرنیشنل اِنڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز یعنی کے آئیفا جمعرات تین جون سے سری لنکا کے شہر کولمبو میں شروع ہو رہا ہے۔
احتجاج کرنے والےتامل لوگوں کے مطابق سری لنکا میں ایل ٹی ٹی ای تنظیم کے سربراہ کے خاتمے کے دوران بڑے پیمانے پر بےگناہ تامل لوگوں کے انسانی حقوق کی پامالی کی گئ تھی۔ اور اسی لیے کسی بھی بھارتی فلمی ایوارڈ فنکشن کا انعقاد سری لنکا میں نہیں کرنا چاہیے۔
بالی وڈ سے ناراض ساؤتھ انڈین فلم چیمبر آف کامرس نے بدھ کے دن یہ دھمکی بھی دے ڈالی کہ آئیفا ایوارڈز میں شرکت کرنے والے بالی وڈ ستاروں کا جنوبی بھارت میں بائیکاٹ کیا جائے گا۔ اِس کے باوجود کولمبو میں بالی وڈ کے ستارے آئیفا کی تقریب میں شامل ہورہے ہیں۔ سنیل شیٹھی اور ریتک تو امدادی کرکٹ میچ میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے خلاف بالی وڈ ٹیم کی نمائندگی بھی کریں گے۔
تامل ناڈو ریاست کے لوگوں کےبڑھتے دباؤ کے سبب آئیفا کے سفیر اور بالی وڈ کے عظیم فنکار امیتابھ نے آئیفا میں شرکت نہیں کرنے کا اعلان اپنے بلاگ کے ذریعے کیا ہے۔ امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریا رائے بھی اپنی فلمی مصروفیات کے باعث آئیفا میں شامل نہیں ہوں گے۔
تاہم بچن خاندان کی غیر موجودگی کے باوجود آئیفا میں شمولیت کے لیے بالی وڈ ستارےکولمبو پہچنا شروع ہوچکے ہیں۔ لارا دتتا، ویویک اوبیرائے، بومن ایرانی اور ریتیش دیشمکھ آئیفا ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب میں حصہ لینے کے لیے سری لنکا پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ سلمان خان، انیل کپور، ریتک روشن، سنیل شیٹھی بھی سری لنکا جائیں گے۔
دریں اثناء رجنی کانت ، کمل ہاسن، وجے اور سوریہ جیسی جنوبی بھارت کی مشہور فلمی شخصیات نے آئیفا کے سری لنکا میں ہونے کی سخت مذمت کی ہے۔ فلمساز منی رتنم نے بھی اپنی نئی فلم راون کی تشہیر آئیفا کے دوران نا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تامل فلم انڈسٹری کا حصہ اور مشہور موسیقار اے آر رحمان بھی اِس متنازع ایوارڈ فنکشن میں شامل نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1