رسائی کے لنکس

راحت فتح علی خان میوزیکل فلم بنا رہے ہیں


پاکستانی سنگر راحت فتح علی خان اور ان کے منیجر سلمان احمد خان ان دنوں بھارتی ہیروئن اور پاکستانی ہیرو کے ساتھ ایک میوزیکل فلم بنانے کی تیاریوں میں ہیں جو راحت فتح علی خان کی بطور میوزک ڈائریکٹر پہلی فلم ہو گی۔

راحت فتح علی خان کے منیجر سلمان احمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ دنیا راحت فتح علی خان کو بطور سنگر اور قوال تو جانتی ہی ہے، لیکن یہ ایسی پہلی فلم ہے جس کا میوزک راحت خود کمپوز کر رہے ہیں، جب کہ فلم کا پروڈیوسر میں ہوں اور معاون پروڈیوسر راحت فتح علی خان ہیں۔

حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستانی فن کاروں پر بھارت میں عائد پابندی کے باوجود بھارتی ہیروئن لانے سے متعلق ایک سوال پر سلمان احمد کا کہنا تھا کہ

راحت فتح علی خان اور پڑوڈیوسر سلمان احمد
راحت فتح علی خان اور پڑوڈیوسر سلمان احمد

’’ابھی اس سلسلے میں حتمی طور پر کچھ بتانا قبل از وقت ہو گا۔ ہیروئن کا تعلق بھارت سے بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم، ابھی کوئی نام فائنل نہیں ہوا۔ ہو سکتا ہے جب فلم بنے تو ہیروئن بھی پاکستانی ہی ہو۔ ابھی بہت سے نام زیر غور ہیں مگر حتمی کچھ بھی نہیں۔

راحت فتح علی خان اور سلمان احمد کے بقول، فلم کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ یہاں تک کہ فلم کا زیادہ تر میوزک بھی تیار ہے، جسے راحت فتح علی نے ہی کمپوز کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فلم میوزیکل ہے جس میں ایک ابھرتی ہوئی سنگر اور ایک منجھے ہوئے گلوکار کے درمیان موجود کیمسٹری کو پکچرائز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ جدوجہد کے دور سے گزرنے والی ایک لڑکی کو سنگر بننے کے لئے کن حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اسکرپٹ سے متعلق ایک سوال پر ان کہنا تھا کہ اس فلم کا مرکزی خیال اپنے دور کی شہرہ آفاق انگریزی فلم ’اسٹار از بورن‘ سے ماخوذ ہے۔ یہ موضوع برسوں سے لوگوں کا پسندیدہ رہا ہے، یہاں تک کہ بھارت میں بھی عاشقی اور اس جیسی بہت سی فلمیں ’اسٹار از بورن‘ سے متاثر ہو کر بنائی گئیں اور کامیاب رہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسے ایک انٹرنیشنل فلم کے طور بنانا چاہتے ہیں جسے اردو اور دنیا کی کئی دوسری زبانوں میں بھی تیار کیا جائے گا۔ ہمارا ارادہ ہے کہ فلم کو پاکستان کے ساتھ دنیا کے کئی ملکوں میں بھی ریلیز کیا جائے۔

XS
SM
MD
LG