بالی ووڈ فلموں سے متعلق ایک عام خیال یہ ہے کہ ’فلمی گانے فلموں کو ریلیز سے پہلے ہی ہٹ کر دیتے ہیں‘۔ اگر اسی نظریئے کو سچ مان لیا جائے تو سمجھئے عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ بھی ہٹ ہوگئی۔
اس کا ایک گانا ’تنکا تنکا‘ جسے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ سنگر راحت فتح علی خان نے اپنی آواز سے سجایا ہے وہ عوام میں ’ہٹ‘ اور ’سپر ہٹ‘ ہوگیا ہے، پاکستان اور بھارت سے موصولہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گانا جذبات لئے ہوئے ہے اور اکثر لوگوں کو یہ گانا سن کر آنسو پوچھتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔
یو ٹیوب پر دو دن پہلے ریلیز ہونے والے اس گانے کو اتوار کی شام تک تقریباً 48لاکھ افراد دیکھ چکے تھے۔ ریلیز کے پہلے ہی دن اسے 29لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا اور شیئر کیا۔
فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اسے چین کے اشتراک سے بنایا گیا ہے۔ فلم چین اور بھارت کے سماجی و ثقافتی پس منظر کو واضح کرتی ہے، گانا چینی زبان میں بھی ڈب کیا جائے گا۔
راحت فتح علی خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہیں اس بار پھر امید سے بڑھ کر اپنے چاہنے والوں کی محبت ملی ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ ’تنکا تنکا‘ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد نے پسند کیا۔ اس کے لئے وہ اپنے تمام مداحوں کے شکر گزار ہیں۔
سلمان خان اور راحت فتح علی خان کا فلمی میلاپ اب نیا نہیں رہا۔ اس سے پہلے راحت فتح علی فلم ’باڈی گارڈ‘ ، ’دبنگ‘ ، ’سلطان‘ ، ’ویر‘ اور ’دبنگ ٹو‘ وغیرہ کے گانوں کے لئے سلمان خان کو فلمی پردے پر اپنی آواز دے چکے ہیں۔
’ٹیوب لائٹ‘ میں سلمان خان کے علاوہ ان کے بھائی سہیل خان نے بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ شاہ رخ بھی ایک خاص کردار میں نظر آئیں گے۔
’ٹیوب لائٹ‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں 23جون کو یعنی خاص عید کے دنوں میں ’روشن‘ ہوگی۔