رسائی کے لنکس

نصرت فتح علی کو خراج عقیدت، راحت فتح علی کے 48 کنسرٹس


راحت نے مداحوں کے لئے دو خوشخبریاں بھی سنائیں۔پہلی یہ کہ وہ اپنا نیا قوالی البم’جسٹ قوالی‘ ریلیز کررہے ہیں اور دوسری خوشخبری ‘آرایف اے کے فلمز‘ کا قیام۔۔اس بینر تلے پہلی میوزیکل فلم آئندہ سال ریلیز ہوگی۔

گائیکی کی دنیا کے چند بڑے ناموں میں سے ایک نصرت فتح علی خان کا ہے جنہیں اپنے مداحوں سے بچھڑے 20 برس ہو رہے ہیں۔

نصرت فتح علی خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے جانشین اور بھتیجے راحت فتح علی خان نے دنیا کے مختلف ملکوں میں 48 کنسرٹس کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

نصرت فتح علی خان کا انتقال 48 سال کی عمر میں ہوا تھا اس کی مناسبت سے راحت نے اپنے ورلڈ ٹورز کے لئے 48 کنسرٹس کا آغاز گزشتہ سال اکتوبر میں کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے امریکہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور یورپ کے کئی ملکوں میں نصر ت فتح علی کا کلام کنسرٹ میں لوگوں کے روبرو پیش کیا۔

اس سلسلے میں کراچی میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے وائس آف امریکہ سمیت تمام میڈیا کو بتایا:

’ میں نئی نسل کو نصرت فتح علی خان کے کام سے روشناس کرانا اور ان کی یادوں کو زندہ رکھنا چاہتا ہوں۔ گزشتہ سال میں نے امر یکہ، یو کے ،کینیڈا، نیوزی لینڈ، مشرق وسطیٰ اور آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں 48 کنسرٹس کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ستمبر میں، میں برطانیہ میں کنسرٹ کروں گا۔‘

فلم پروڈیوس کرنے کا ارادہ
راحت فتح علی نے مزید بتایا ’ کنسرٹ کے علاوہ میں نصرت خان صاحب کے نام سے ایک میوزک اکیڈمی بھی شروع کرنا چاہتا ہوں، تاہم اس سلسلے میں کچھ رکاوٹیں ہیں جس کے لئے سپورٹ کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میں ایک میوزیکل فلم بنانے کا بھی ارادہ ہے جس کی تفصیلات جلد میڈیا کے سامنے لاؤں گا۔‘

’ضروری تھا۔۔‘جنوبی ایشیاء کا پہلا گانا
راحت فتح علی نے دوران گفتگو یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ تین سال قبل ریلیز ہونے والا راحت فتح علی کا گانا ’’ ضروری تھا۔۔‘‘بہت جلد سوشل میڈیا ویب چینل ’یوٹیوب‘ پر جنوبی ایشیاء کا ایسے پہلے گانے کا اعزاز حاصل کرنے جارہا ہے جسے اب تک 240 ملین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں ۔

بالی ووڈ میں کام کا تجربہ
ایک اور سوال کے جواب میں راحت فتح علی خان کا کہنا تھا ’’ بھارت میں ہمارے کام کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ موسیقی کا لڑائی جھگڑے اور جنگ کوئی تعلق نہیں۔ یہ پوری دنیا کے لئے ـ’پیغام امن ‘ہے۔‘‘

تنقید کا جواب
’کوک اسٹوڈیوز‘ کے نئے سیزن میں جنون بینڈ کے علی عظمت کے گانے ’سیونی‘ کو گانے اور اس پر ہونے والی تنقید پر راحت فتح علی خان کا کہنا تھا’’ اس گانے کو ملنے والا رسپونس مجھے بہت دلچسپ لگا۔ کچھ نے تعریف کی تو کچھ نے تنقید۔مجھے تو یہ لگا کہ سیونی گانا میری آواز میں’جچ‘ رہا ہے۔’میں تینوں سمجھاواں کیْْ‘ اور خان صاحب کے گانے’ میرے رشک قمر۔۔‘‘ کی طرح۔‘

راحت نے مداحوں کے لئے دو خوشخبریاں بھی سنائیں۔ پہلی یہ کہ وہ اپنا نیا قوالی البم’جسٹ قوالی‘ ریلیز کر رہے ہیں اور دوسری خوشخبری ‘آرایف اے کے فلمز‘ کا قیام۔۔اس بینر تلے پہلی میوزیکل فلم آئندہ سال ریلیز ہو گی۔

XS
SM
MD
LG