رسائی کے لنکس

کوک اسٹوڈیو کا 10واں سیزن اگست میں شروع ہوگا


نئے سیزن میں فیض احمد فیض کا کلام ’ بول کے لب آزاد ہیں‘‘ ، مہدی حسن کا ’رنجش ہی صحیح‘‘، شفقت امانت علی کا’ دمادم مست قلندر‘پیش کیا جائے گا۔ عمیر جسول ، نصرت فتح علی خان سیزن کا اہم حصہ تو ہوں گے ہی علی ظفر ایک روک اسٹار کے روپ میں نظر آئیں گے۔

پاکستانی موسیقی کو موجودہ دور کے جس پروگرام نے پوری دنیا میں متعارف کرانے میں ایک اہم کردار ادا کیا وہ ’کوک اسٹوڈیو ‘ ہے۔

’کو ک اسٹوڈیو‘ کے اب تک نو سیزن آن ائیر ہو چکے ہیں جبکہ 10واں سیزن اگلے مہینے پاکستان کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر شروع ہونے جارہا ہے۔

پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ نو سیزنز میں بے شمار سنگرز اور میوزک ڈائریکٹرز نے اس میں پروفارم کیا۔ ان سنگرز میں ایک سے بڑھ کر ایک اور مشہور سے مشہور ترین پاکستانی سنگر ز نے پروفارم کیااور لوگوں سے داد وصول کی۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اس پروگرام کے ذریعے اب تک درجنوں نئے سنگرز ،لوک گلوکار، کلاسیکل سنگرز اور انمول ہنرمنداور فنکار متعارف ہوئے۔

ان میں ساؤنڈ اور ریکارڈنگ اسپیشلسٹ ، سیٹ ڈیزائنرز، وارڈ روب اسپیشلسٹس اور میوزک انڈسٹری کے دیگر بہت سے شعبوں کے ماہرین بھی شامل ہیں ۔

البتہ کچھ لو گ آج بھی یہ شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ اگر اسے پروگرام کو مختلف اوقات میں مختلف چینلزسے ٹیلی کاسٹ کرنے کے بجائے محدود چینلز سے دکھایا جاتا تو لوگوں کو اس کے نشر ہونے کا وقت بھی یاد رہتا اور چینل بھی ورنہ اکثر لوگ وقت اور چینل کے حوالے سے کنفیوژ ہی رہتے ہیں۔

نئے سیزن کی نئی باتیں
دسویں سیزن میں آپ کو بہت سی نئی چیزیں اور نئی باتیں بھی سننے اور دیکھنے کو ملیں گی جیسے اس سیزن میں اپنی کارکردگی پیش کرنے والوں میں علی ظفراور ان کے بھائی دانیال ظفربھی شامل ہیں ۔ ’ظفر برادران ‘پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی اسٹیج پر ،پرفارم کرتے نظر آئیں گے۔

دسیویں سیزن کے جنرل منیجر رضوان یو خان کے مطابق ’پچھلے دس سالوں میں ہم نے بہت سے نئے تجربات کئے ، شاید اتنے کامیاب تجربات کسی اور پاکستانی میوزک پروگرام میں نہیں ہوئے ہوں گے، شکرہے ہم ان تمام تجربات کی بدولت میوزک لورز کا دل جیتنے میں کامیاب رہے۔ ‘

نئے سیزن میں مومنہ مستحسن، راحت فتح علی خان، علی سیٹھی، عائمہ بیگ، جبار عباس اور وقار احسن و دیگر شامل ہیں۔

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اس پروگرام کی بدولت پاکستانی موسیقی کا رخ ہی بدل گیاہے۔اس پروگرام کی ابتدا دس سال پہلے ’وائٹل سائن ‘ گروپ سے شہرت پانے والے سنگر روحیل حیات نے کی تھی۔ اس وقت ملکی موسیقی کا بھی وہی حال تھا جو فلم انڈسٹری کا تھا ، یعنی زوال ہی زوال ۔مگر کوک اسٹوڈیو نے ایک نئی راہ دکھائی جس سے ملکی موسیقی میں پھر سے جان پڑ تی چلی گئی۔

درمیان میں اسے روحیل حیات کے بجائے ’ اسٹرنگز ‘ کو پروڈیوز کرنے کا موقع ملا ۔ اس میوزک گروپ نے بھی پروگرام کو چار چاند لگائے تاہم دسویں سیزن کی کامیابی ایک مرتبہ پھر روحیل حیات کی ذمے داری ہوگی۔

نئے سیزن میں فیض احمد فیض کا کلام ’ بول کے لب آزاد ہیں‘‘ ، مہدی حسن کا ’رنجش ہی صحیح‘‘، شفقت امانت علی کا’ دمادم مست قلندر‘پیش کیا جائے گا۔

عمیر جسول ، نصرت فتح علی خان سیزن کا اہم حصہ تو ہوں گے ہی۔ علی ظفر ایک راک اسٹار کے روپ میں نظر آئیں گے۔

سجاد علی کی صاحبزادی زوا علی جو اب تک ویڈیو گرافر کے طور پر جانی پہچانی جاتی تھیں، وہ اپنے والد کے تیار کردہ انگریزی گانے میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG