پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے منگل کی صبح فائرنگ کر کے پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کو ہلاک کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن میں پیش آیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس حامد شکیل نے وائس آف امر یکہ کو بتایا کہ ’سی آئی ڈی‘ پو لیس کے ایس پی محمد شاہنواز خان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ صبح کی ’واک‘ کرنے کے بعد اپنے گھر جا رہے تھے۔
حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور گولیاں لگنے سے شاہنواز خان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
شاہنواز خان پر جب حملہ کیا گیا تو ان کے ہمراہ کوئی بھی پولیس محافظ نہیں تھا اور ملزمان موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق شاہنواز خان اس سے پہلے مچھ اور چمن کے اضلاع میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جہاں اطلاعات کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی اور دیگر شدت پسند گروپ سرگرم ہیں۔ انھوں نے صوبے میں فرقہ وارانہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور انھیں جان سے مار دینے دھکمیاں بھی ملتی رہیں۔