رسائی کے لنکس

دریائے ٹیمز: ڈائمنڈ جوبلی تقریبات میں ملکہٴ برطانیہ کی شرکت


شاہی کشتی میں سوار، نقرئی اور سفید لباس میں مبلوس اور ہیٹ پہنے، ملکہ مسکرا کر اور ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دے رہی تھیں

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے اپنی 60سالہ تخت نشینی کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشی کی تقریبات کےسلسلے میں اتوار کے روز دریائے ٹیمز میں 1000سے زائد کشتیوں کے ایک بیڑے کے ساتھ دریا کی سیر کی۔

ابر آلود موسم کےباوجود لاکھوں لوگ دریائے ٹیمز کے کنارے جمع تھے اور ملکہ کی تعظیم میں کھڑے رہے۔اتنی بڑی سطح پراورایسا یادگار لمحہ 350برسوں کے بعد نصیب ہوا۔ سرخ، سفید اور بلو رنگ کا برطانوی ’یونین جیک‘ پرچم عمارات پر آویزاں تھا، اور ساتھ ہی لوگ پرچم لہرا رہے تھے، جب کہ لندن کےطول و ارض میں گھنٹیوں کی آوازیں دور دور تک سنائی دے رہی تھیں۔

شاہی کشتی میں سوار، نقرئی اور سفید لباس میں مبلوس اور ہیٹ پہنے، ملکہ مسکرا تے ہوئےاور ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دے رہی تھیں۔ اُن کے ہمراہ اُن کے 90برس کے شوہرشہزادہ فلپس، ولی عہد شہزادہ چارلز اور اُن کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم بیٹھے تھے۔ ولیم کی دلہن کیٹ بھی شاہی خاندان کے ہمراہ تھیں، جنھوں نےایک زرق برق سرخ رنگ کا ’الیگزینڈر میک کوئیں‘ ڈریس اور ملتے جلتے رنگ کا ہیٹ زیب تن کیا ہوا تھا۔

ملکہ کی چھ عشروں پر محیط تخت نشینی کی جاری چار روزہ تقریبات کا آغاز ہفتے کے روز ہوا، اور اِس طرح تقریباً ایک برس قبل ولیم اور کیٹ کی شادی کی تقریبات کودنیا بھر میں شہرت ملی، جِس کےبعد اب ہرجگہ ملکہ کی تخت نشینی کی تقریبات کا چرچا ہے۔

الزبتھ کی پردادی ملکہ وکٹوریا وہ واحد برطانوی فرمان روا تھیں جو ڈائمنڈ جوبلی کی عمر کو پہنچیں تھیں، جس جشن کو 1897ء میں اُس وقت منایا گیا جب دنیا کے کئی خطوں میں برطانوی حکمرانی تھی۔

بعد ازاں، اتوار کےہی دِن اپنے خاندان کے ارکان اورہزاروں کی تعداد میں رعیت کے ہمراہ، ملکہ الزبتھ ایک محفلِ موسیقی میں شرکت کریں گی۔ تقریب میں کم از کم 6000سکیورٹی محافظ تعینات ہوں گے۔

پیر کے روز 86برس کی ملکہ قومی مشعل روشن کریں گی، جب کہ کامن ویلتھ ممالک میں اِسی طرح کی ہزاروں مشعلیں روشن کی جائیں گی۔ منگل کو وہ اور اُن کے شوہر، شہزادہ فلپ ’تشکر کی دعائیہ سروس‘ میں شرکت کے لیے سینٹ پال کیتھڈرل جائیں گی۔

منگل کی شام اِن چار روزہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا اختتام اُس وقت ہوگا جب شاہی خاندان بکنگھم پیلیس کی بالکنی میں جلوہ افروز ہوگا۔

سنہ 1952 میں اپنے والد کنگ جارج کے انتقال کے بعد، الزبتھ نے شاہی منصب سنبھالا اور اگلے ہی برس وہ برطانیہ کے علاوہ سات کامن ویلتھ ممالک کی ملکہ بنیں، جِن میں کینیڈا، آسٹریلیا، نیو زیلینڈ، ساؤتھ افریقہ، پاکستان اور سیلون شامل تھے۔ سیلون کو بعد میں تبدیلی نام کے بعد سری لنکا کہا جانے لگا۔

XS
SM
MD
LG