رسائی کے لنکس

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں دو روز کی توسیع


اسرائیلی جیل سے تبادلے میں رہا کی جانے والی فلسطینی قیدی فاطمہ اپنے خاندان کے ساتھ۔ فوٹو رائٹرز
اسرائیلی جیل سے تبادلے میں رہا کی جانے والی فلسطینی قیدی فاطمہ اپنے خاندان کے ساتھ۔ فوٹو رائٹرز

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کے روز کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں دو روز کی توسیع کے لئے معاہدہ ہو گیا ہے۔ مصر کے ساتھ قطر، حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری تصادم میں ایک کلیدی ثالث کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ اعلان اس چار روزہ جنگ بندی کے آخری روز آیا ہے، جس پرمتحارب فریقین کے درمیان جمعے کے روز سے عمل درآمد شروع ہوا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی حکومت نے پیر کے روز کہا کہ اس نے حماس کو انتباہ کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی میں توسیع کا آپشن کھلا ہے۔

اسرائیلی حکومت کے ترجمان آئی لون لیوی نے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم تمام یرغمالوں کو چھڑانے کے اپنے عمل کی تکمیل کے سلسلے میں آج رات کے بعد پچاس مزید یرغمالوں کی رہائی چاہتے ہیں

غزہ میں عارضی جنگ بندی میں توسیع میں یہ بات شامل ہے کہ ہر اضافی دن دس یرغمالی رہا کئے جائیں گے۔ اسرائیل کی قید میں موجود رہا کئے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد اس سے تین گنا زیادہ ہے۔

گویا مزید پچاس یرغمالیوں کی رہائی کا مطلب جنگ بندی میں پانچ روز کی توسیع ہوا۔

ادھر حماس نے بھی جنگ بندی میں توسیع کی اپنی خواہش کا اشارہ دیا ہے۔ ایک ذریعے نے اتوار کے روز اے ایف پی کو بتایا کہ کہ گروپ نے ثالثوں کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ جنگ بندی میں دو سے چار روز کی توسیع کے لئے تیار ہے۔

اسرائیل حماس تصادم کے بعدیرغمال بنائی جانے والی والی تیرہ سالہ بچی رہائی کے بعد۔
اسرائیل حماس تصادم کے بعدیرغمال بنائی جانے والی والی تیرہ سالہ بچی رہائی کے بعد۔

ایک مصری ذریعے نے پیر کے روز بتایا کہ جنگ بندی میں توسیع کے طریقہ کار پر دونوں فریقوں کے درمیان اختلاف تھا۔ حماس چار دن کی توسیع چاہتی تھی جبکہ اسرائیل روز انہ کی بنیاد پر توسیع کا فیصلہ کرنا چاہتا تھا

اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ حماس کو ختم کرنے کی مہم، یرغمالوں کی رہائی کے وقفے کے ختم ہونے کے فورأ بعد دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

اس رپورٹ کے لئے مواد اے پی اور اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG